کابل: امارت اسلامیہ کے اول نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے اپنے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران امارات کے حکام کے ساتھ ویزا معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔یہ اس وقت سامنے آیا جب تاجروں نے شکایت کی کہ انہیں متحدہ عرب امارات کے ویزے حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔۔ متحدہ عرب امارات میں افغانستان کی تاجر کونسل کے سربراہ عبید اللہ صدر خیل نے کہاکہ ویزوں کے مسائل پر امارت اسلامیہ کے حکام سے بات چیت ہوئی ہے۔
ویزوں کا مسئلہ مستقبل قریب میں حل ہو جائے گا اور پروازیں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔دریں اثنا، افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ یو ای اے کی جانب سے ویزا جاری کرنے کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اے سی سی آئی کے ایک رکن خنجان الوکوزئی نے کہا کہ اس سے ہماری تجارت اور کاروبار متاثر ہوگی۔ کچھ تاجر سرمایہ کاری کے لیے متحدہ عرب امارات جائیں گے یا اشیا درآمد کریں گے۔
تاجروں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے ویزوں کے اجرا کا خیر مقدم کیا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق افغان تاجروں نے یو اے ای میں10بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔واضح ہو کہ گذشتہ سال اگست میں طالبان کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے سوائے ایران اور پاکستان کے دنیا کے تمام ممالک نے افغانوں کو ویزا جاری کرنا بند کر دیا تھا۔