سورت: ایک دلخراش سڑک حادثہ میں فٹ پاتھ پر سو رہے راجستھان کے15مزدور اس وقت ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے جب علی الصباح ایک بے قابو ٹرک ان پر چڑھ گیا۔
واقعہ یوں بتایا جاتا ہے کہ گجرت کے شہر سورت سے60کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک گاؤں کوسمبا کے قریب سڑک کے کنارے یہ تمام مزدور سو رہے تھے کہ ایک ڈمپر ٹرک محو خواب ان مزدورں پر چڑھ گیا جس میں 14مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے بھی کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔جس سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق ٹرک پہلے تو گنے سے لدے ٹریکٹر سے ٹکرایاجس کے بعدٹرک ڈرائیور اسٹیرنگ وہیل ٹرک پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹرک بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر سو رہے مزدوروں پ کو روندتا ہوا نکل گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سانحہ پر سخت دکھ و صدمہ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کر کے کہا کہ سورت میں اس ٹرک حادثہ سے انہیں ناہیت درجہ ذہنی و قلبی تکلیف پہنچی ہے۔ میری تمام ہمدردیاں ہلاک شدگان کے کواحقین سے ہیں اور میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔
وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے ہلاک شدگان کے لواحقین کو 2لاکھ روپے اور زخمیوں کو50ہزار روپے فی کس معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔
