نئی دہلی: جوں جوں دن بیت رہے ہیں ہندوستانی کھلاڑی آئی سی سی کی بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈر رینکنگ میں نہ صرف ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے جارہے ہیں بلکہ تینوں شعبوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی تعداد میں بھی بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ کسی دور میں تینوں شعبوں میں دو چار کھلاڑیوں کی موجودگی رکھنے والا پاکستان دور دور تک نظر نہیں آرہا۔
بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈر کے لیے آئی سی سی نے جن دس ٹاپ کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے ان میں بیٹنگ میں ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی 928ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھاول پوزیشن پر ہے۔
انہیں یہ پوزیشن پہلے سے پہلی پوزیشن پر فائز اسٹیو اسمتھ کی پاکستان کے خلاف حالیہ اختتام پذیر ٹسٹ سریز میں اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کے مطابق کھیل نہ دکھا پانے کے باعث ملی ہے ۔
بیٹنگ میں اب اسمتھ دوسری ، کین ولیمسن تیسری ،چتیشور پجارا چوتھی ،ڈیوڈ وارنر پانچویں ، اجنکیا رہانے چھٹی، جو روٹ ساتویں، مارنوس لبوس چاگنے آٹھویں، ہنری نکولس نویں اور دیموتھ کرونا رتنے دسویں پوزیشن پر ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ ٹین میںتین ہندوستانیوں کے علاوہ بولنگ میں بھی تین ہندوستانی جسپریت بومرا، روی چندر اشون اور محمد شامی ہیں۔
بولروں میںپہلی پوزیشن آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، دوسری کیگیسو ربادا اور تیسری جیسن ہولڈر کو حاصل ہے جبکہ آل راؤنڈر کی رینکنگ میں رویندر جڈیجہ اور روی چندر اشون ٹاپ 10میں شامل ہیں۔آل راؤنڈر رینکنگ میں اول پوزیشن جیسن ہولڈر کو حاصل ہے جبکہ رویندر جڈیجہ دوسری اور اشون پانچویں پوزیشن پرہیں۔