اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے جمعرات کے روز تین افراد فضل عباس، بابر یعقوب اور عارف خان کے ناموں کی سفارش کر دی۔
وزیر اعظم کی جانب سے ان ناموں کی سفارش چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کی مدت کار کے آخری روز اور اس معاملہ میں مداخلت کے لیے سپریم کورٹ میں حزب اختلاف کی پٹیشن کے بعد کی گئی ہے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد میاں محمد شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد ترار کے نام تجویز کیے تھے۔
پارلیمانی پینل کا ایک اجلاس الیکشن کمیشن کے اراکین کے تقررکے لیے اپنے اپنے موقف پر اٹل رہنے کے باعث حکومتی اور حزب اختلاف میں تعطل کے ساتھ ختم ہو گیا تھا۔
اجلاس میں موجود ذرائع نے بتایا کہ حزب اختلاف نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے اس کے تجویز کردہ ناموں کو بھی شامل کرے تاکہ بات آگے بڑھ سکے۔
وفاقی وزیر برائے حقوق انسانی ڈاکٹر شیریں مزاری نے ،جنہوں نے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائند وں بات کی، بہت زور دے کر یہ بات کہی کہ چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق رائے ہوتا جارہا ہے۔کمیٹی کی قیادت کرنے والی مزاری نے اس اجلاس کو بہت کامیاب بتایا اور کہا کہ مذاکرات مثبت رہے۔