سری نگر: جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی فوجیوں کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کو ایک ہفتہ بھی نہیں گذراتھا کہ انہوں نے بدھ کے روز پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر ڈویژن میں اڑی سیکٹر کے تحت رام پور علاقہ میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) اور ایک غیر فوجی ہلاک ہو گیا۔

اگرچہ وزارت دفاع کے سری نگر مقیم ترجمان نے اڑی سیکٹر جنگ بندی خلاف ورزی اور ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوجوں نے بدھ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں ایک جے سی او اور ایک غیر فوجی ہلاک ہو گیا۔

پاکستانی فوجوں نے جو مارٹر گولے داغے وہ آبادی والے علاقوں میں آکر گرے جس میں دو غیر فوجی بشمول خاتون زخمی ہوئے۔خاتون کی شناخت 23سالہ نسیمہ جان کے طور پر کی گئی جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی۔ لیکن ابھی جے سی او کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

رپورٹوں کے مطابق اگرچہ پاکستانی فوج کافی عرصہ سے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہے لیکن اس سال اکتوبر تک گذشتہ سال اسی مدت کے دوران ہوئی جنگ بندی کے واقعات کے مقابلہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔