اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ قائد(پی ایم ایل کیو) کے صدر چودھری شجاعت حسین اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویزالٰہی نے جمیعت علمائے اسلام فضل(جے یو آئی ایف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ مسلح افواج کے سربراہوں اور چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی مدت ملازمت سے متعلق پارلیمنٹ میں پیش اہم بلوں کی حمایت نہ کرنے کے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کریں۔

چودھری برادران نے مولانا فضل سے ان کی اس شکایت کے ایک روز بعدجس میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے ان بلوں کے حوالے سے کسی بھی مرحلہ پر حزب اختلاف کا اعتماد میں نہیں لیاان کی رہائش گاہ جا کر ملاقات کی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ا یم ایل کیو پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حلیف پارٹی ہے ۔گجرات کے چودھریوں سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل نے کہا کہ انہوں نے پی ایم ایل کیو کے دونوں رہنماؤں سے کہہ دیا کہ ان بلوں کی حمایت نہ کرنے کا جے یو آئی ایف کا فیصلہ حتمی ہے اور ان لوگوں کے درمیان صرف بل کے خلاف ووٹنگ یا ووٹنگ کے عمل سے غیر حاضر رہنے کی بابت تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے دونوں پی ایم ایل کیو لیڈروں کو یہ بھی بتادیا کہ بلوں کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ ان کی پارٹی کے پارلیمانی گروپ اور مرکزی مجلس عاملہ دونوں نے کیا ہے۔تاہم ابھی پارٹی نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ بل کے خلاف ووٹ ڈالا جائے یا ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہا جائے۔