تہران: بدھ کی صبح ایک ہولناک فضائی حادثہ میں اس وقت 180افراد ہلاک ہو گئے جب یوکرین ایر لائن کا ایک مسافر بردار طیارہ پرواز بھرتے ہی تہران کے جنوب مغرب میں گر کر تباہ ہو گیا۔
اس طیارے نے جس میں عملہ سمیت180افراد تھے، تہران کے امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے لیے پرواز بھری تھی اور چند منٹ بعد ہی تہران کے جنوب مغرب میں پراند اور شہریار شہروں کے درمیان کے علاقہ میں تباہ ہو کر گر گیا۔
یہ بوئنگ 737-8یوکرین کی یو آئی اے کمپنی کا تھا۔ تاہم ابھی تک حادثہ کا سبب معلوم نہیں ہو سکا ہے۔22ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں لیکن رپورٹوں سے علم ہوا ہے کہ حادثہ میں کوئی زندہ نہیں بچا ہے۔
اگرچہ ایران کی ایمرجنسی سروسز 22ایمبولنسوں ، چار بس ایمبولنسوں اور ایک ہیلی کاپٹر کے ساتھ جائے حادثہ پہنچ گئی لیکن ایمرجنسی سروسز کے سربراہ پیر حسین کولیواند نے بتایا کہ طیارے میں اتنی زبردست آگ لگی ہوئی ہے کہ ہم بچاؤ کا کام کر ہی نہیں سکتے۔
ایران کی شہری ہوابازی کی تنظیم کے ترجمن رضا جعفر زادے نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا طیارے میں170مسافر اور عملہ کے دس افراد تھے۔