نئی دہلی: ممبئی میں ٹیم انڈیا کی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں10وکٹ سے شرمناک شکست پر سوشل میڈیا میں سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو بڑی شدت سے یاد کیا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر لوگوں کا کہنا ہے کہ اس میچ میں دھونی کی بڑی شدت سے کمی محسوس کی گئی کیونکہ اگر ٹیم میں دھونی ہوتے تو میچ کا نتیجہ بالکل مختلف ہوتا۔
منگل کے روز وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پہلے تو ہندوستان ٹاس ہارا اور اس کے بعد 255 جیسا معمولی اسکور ہی بنا سکا۔
جسے آسٹریلیا نے اپنے دونوں افتتاحی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور کپتان آرون فنچ کی سنچریوں کی بدولت بڑی آسانی سے پورا کر لیا۔
مزید برآں جیسے ہی لوکیش راہل نے، جو وکٹ کیپنگ کر رہے تھے،ایک کیچ ٹپکایا اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے دھونی دھونی کی گردان شروع کر دی۔
سوشل میڈیا خاص طور پر ٹوئیٹر ور فیس بک پر دھونی سیلاب امڈ پڑا۔ایک کرکٹ شوقین نے ٹوئیٹ کیا” تماشائیوں نے اس وقت جب راہل ایک کیچ نہیں لپک سکے دھونی دھونی نعرے لگانے شروع کر دیے۔
سچ تو یہ ہے کہ موہالی ہو،ممبئی ہو کیرل یا ہندوستان کا کوئی بھی مقام ہو ہر جگہ دھونی کی کمی محسوس کی جارہی ہے“۔
ایک شیدائی نے لکھا”کوہلی، روہت،دھون کی موجودگی کے باوجود دھونی کی کمی لگ رہی ہے ،دھونی کی بہت یاد آرہی ہے#ایم ایس دھونی۔“ ایک اور فین لکھتا ہے”دھونی کی کمی کوئی دور نہیں کر سکتا۔
کیونکہ وہ ایک کھلاڑی سے سوا بھی کچھ ہے#ایم ایس دھونی۔“ایک نے لکھا ”کرکٹ کے بھگوان دھونی کی یاد آرہی ہے۔اس کا اعتراف ہے“۔
‘