لندن: ایران میں پاسداران انقلاب کے ذریعہ مار گرائے جانے والے یوکرین ایر لائنز کے مسافر طیارے میں جن ممالک کے شہری ہلاک ہوئے ہیں انہوں نے حکومت ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزدانہ فوجداری تحقیقات کرا کے اس کے ذمہ داروں کوکیفر کردار تک پہنچائے۔

لندن میں کناڈیائی ہائی کمیشن سے کناڈا، یوکرین، سویڈن، افغانستان اور برطانیہ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اس ہلاکت خیز کارروائی کے ذمہ داروں کے خلاف “غیر جانبدار عدالتی کارروائی کرے“۔

بیان میں اس سمت یران کے ساتھ تعاون کے لیے ایک پانچ نکاتی منصوبہ بھی جاری کیا گیا اور ایران سے کہا گیا کہ ہلاک شدگان کے لواحقین اور دیگر فریقوں کے تئیں اپنی ذمہ داری نبھائے اور انہیں معاوضہ دے۔

کناڈا کے وزیر کارجہ فرینکوئس فلپ چیمپن نے کہا کہ ہلاک شدگان کے لواحقین جواب چاہتے ہیں، عالمی برادری جواب چاہتی ہے۔

پوری دنیا جواب کی منتظر ہے اور جب تک جواب نہیں مل جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ایران نے ابتدا میں اسے ذمہ دار ٹہرانے کے مغرب کے الزامات کی متواتر تردید کرنے کے بعد آخر کار اعتراف کر لیا تھا کہ8جنوری کو تہران میں اس کی فوج نے غیر ارادی طور پر اس طیارہ کو مار گرایا جس میں176افراد ہلاک ہو گئے۔