اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان منگل کے روز عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف)کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئزرلینڈ کے شہر دیواس پرواز کر گئے۔

ریڈیو پاکستان کے نشریہ کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمو دقریشی، تجارتی امور سے متعلق مشیر عبد الرزاق داؤد، قومی سلامتی کے اسپیشل اسسٹنٹ معید یوسف اور بیرون ملک اقامت پذیر پاکستانیوں کے امور کے اسپیشل اسسٹنٹ ذوالفقار عباس بخاری بھی گئے ہیں جبکہ مالی امور کے مشیر ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور سفیر غیر ملکی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی بعد میںوفد میں شامل ہوجائیں گے۔

وزیر اعظم ڈبلیو ای یف کے اجلاس خاص سے کلیدی خطاب کریں گے اور پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں تاجر برادری سے بالمشافہ گفتگو کریں گے۔

اجلاس سے ہٹ کر وزیر اعظم کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے۔ان ملاقاتوں میں نہایت اہم ملاقات امریکی صدر ڈوالڈ ٹرمپ سے ہوگی۔

وزیر اعظم بین الاقوامی مالی اداروں کے کارپوریٹ، ٹیکنالوجی، فنانس اور بزنس نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔علاوہ ازیں عمران خان ڈبلیو ای ایف کے انٹرنیشنل میڈیا کونسل کے ساتھ ایک ملاقات میں بین الاقوامی ابلاغی ذرائع کے بڑے اور نامور صحافیوں اور مدیروں سے بھی خطاب کریں گے۔