ہملٹن: ہندوستان نے مقررہ20اووروں کا میچ 179کے یکساں اسکور کے باعث ٹائی قرار دیے جانے کے بعدآر پار کے سوپر اوور میں آخری گیند پر روہت شرما کے شاندار چھکے کی مدد سے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سریز میں3-0کی سبقت حاصل کر کے سریز اپنے نام کر لی ۔

180رنز کے تعاقب میں جس وقت نیوزی لینڈ کو اننگزکے آخری اوور میںجب 9رنز کی ضرورت تھی تو میچ کا پانسہ دونوں ٹیموں کے حق میں برابر دکھائی دے رہا تھا ´لیکن کریز پر 95رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے والے کپتان کین ولیمسن اور دوسرے سرے پر روز ٹیلر کی موجودگی سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ نیوزی لینڈ یہ میچ بہت آسانی سے جیت کر سریز کو کھلا رکھے گا۔ اور جب فاسٹ بولر محمد شامی کی پہلی ہی گیند کو روز ٹیلر نے چھکے کے لیے فائن لیگ باؤنڈری کے باہر مارا تو نیوزی لینڈ جیت کے اتنے قریب نظر آیا کہ کوئی بھی بولر ہوش کھو سکتا تھا لیکن محمد شامی نے اپنے اعصاب مجتمع رکھتے ہوئے دوسری گیند آف اسٹمپ کے عین باہر کی اور ٹیلر صرف ایک رن ہی لے سکے۔

اب شامی کے سامنے ولیمسن تھے جو اس قدر فارم میں تھے کہ ایسا لگ رہا تھا کہ شامی کی یہ تیسری گیند ہی نیوزی لینڈ کے حق میں فیصلہ کر دے گی لیکن محمد شامی نے آف اسٹمپ کے باہر شارٹ بال کی۔ولیمسن اس جال میں پھنس گئے اور ولیمسن نے اسے وہیں دبانے کی کوشش کی۔گیند ان کے بلے پر پوری طرح آئی نہیں اور ان کا بلا چومتے ہوئے نکلی تو وکٹ کیپر راہل نے غوطہ لگا کر گیند کو دستانوں میں دبوچ لیا اور تمام ہندوستانی کھلاڑی جھوم اٹھے اورولیمسن زمین پر بلا پٹکتے ہوئے پویلین لوٹ گئے۔اب تین گیندیں باقی تھیں اور دو رنز کی ضرورت تھی۔ پانچویں گیند پر بائی کا رن ملا ۔۔ آخری گیند پر ہدف پار کرنے کے لیے صرف ایک رن کی ضرورت تھی اور اسٹرائیک پر روز ٹیلر تھے لیکن محمد شامی کہاں ہار ماننے والے تھے انہوں نے اپنے اوسان بحال رکھتے ہوئے گیند آف اسٹمپ سے بہت باہر کی اور ٹیلرنے لمبی ہٹ لگانے کی کوشش میں بلا اتنا ہی باہر نکالا لیکن گیند تیزی سے بلے کو ڈھکیلتے ہوئے اندر گھسی اور ٹیلر کلین بولڈ ہو گئے۔اور میچ سوپر وور میں چلا گیا۔

سوپر اوور جسپریت بمراہ کرنے گئے۔لیکن اس میچ میں انہوں نے بہت مایوس کن بولنگ کی تھی ۔اور چار اووروں میں نہ صرف45رنز دیے بلکہ ایک وکٹ تک نہ لے سکے۔سوپر اوور میں بھی انہوں نے بہت مایوس کیا لیکنسوپر اوور کی پہلی دو گیندوں پرصرف دو رنز دے کر تاثر دیا کہ وہ سوپر اوور میں اپنے ریگولر چار اووروں میں بہت زیادہ رنز دینے کا ازالہ کر دیں گے۔لیکن اگلی ہی گیند کو ولیمسن نے چھکے اور چوتھی گیند کو چوکے اور چھٹی گیند کو گپتل نے چوکے کے لیے باؤنڈری کی سیر کراکر سوپر وور میں ہندوستان کو 18رنز کا ٹارگٹ دیا۔سوپر اوور کی پہلی چار گیندوں پر روہت شرما اور راہل صرف8رنز ہی بنا سکے ۔

میچ پھر نیوزی لینڈ کے حق میں نظر آیا لیکن قسمت کی دیوی دور کھڑی مسکرا رہی تھی۔ روہت شرما نے ساؤدی کی پانچویں گیند کو لانگ آن باؤنڈری اور چھٹی گیند کو لانگ آف کے اوپر سے چھکے کے لیے نکال کر ہندوستان کو میچ اور سریز جتوا دی۔روہت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مقررہ20اووروں میں بھی روہت شرمانے 40گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 65،کپتان وراٹ کوہلی نے 27بالوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ38اور راہل نے 19بالوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27رنز بنائے۔ جبکہ تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی طرف سے ولیمسن نے 48گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے95، گپتل نے 21بالوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے31اور ٹیلر نے 10گیندوں پر 17رنز بنائے اور ایک چوکا اور ایک ہی چھکا لگایا۔محمد شامی اور شردل ٹھاکر نے دو دو اور چاہل و جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ لی۔