ہملٹن: نیوزی لینڈ کے دورے پر آنے والی ٹیم انڈیا کو رواں کرکٹ سریز کے دوران اس وقت پہلی شکست کا منھ دیکھنا پڑا جب نیوزی لینڈ نے روز ٹیلر کی شاندار سنچری اور ہنری نکولس اور کپتان ٹم لیتھم کی ہاف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 6وکٹ سے ہرا دیا۔

348کے تعاقب میں نیوزی لینڈکے افتتاحی بلے بازوں مارٹن گپتل اور ہنری نکولس نے پہلیوکٹ کے لیے شاندار 85رنز بنا کر مڈل آرڈر کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ۔لیکن اس اسکور پر گپتل اور پھر 23رنز کے اضافہ کے ساتھ ہی ٹام بلندل کے بھی آؤٹ ہوجانے سے ایسا لگا کہ نیوزی لینڈ کی اننگز لڑکھڑا جائے گی ۔مگر نکولس کو اپنے سے کہیں زیادہ تجربہ کار اور سینیر ساتھی روز ٹیلر کا ساتھ نصیب ہو گیا اور انہوںنے ٹیلر کی قیادت میں ہندوستانی بولروں کےخلاف مزاحمت جاری رکھتے ہوئے اننگز کو سنبھانے کے ساتھ ساتھ ہدف کی جانب پیش رفت بھی برقرار رکھی۔اور نصف اووروں کے اختتام تک نصف منزل بھی طے کرادی۔لیکن171مجموعے پر نکولس 82گیندوںپر 11چوکوں کی دد سے78رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تب کپتان لیتھم نے اننگز کا آغاز وہیں سے کیا جہاں نکولس چھوڑ گئے تھے اور انہوں نے ٹیلر کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔300کا ہندسہ پار کرتے ہی لیتھم بھی ٹیلر کا ساتھ چھوڑ گئے۔لیکن22رنز کے اضافہ کے ساتھ ہی جس طرح مزید دو وکٹ گرے اس سے ایسا محسوس ہونے لگا کہیں ہندستان ون ڈے میچ بھی ٹی ٹونٹی کی کہانی دوہراتے ہوئے جیت کیوی ٹیم کے جبڑے سے نہ چھین لے۔لیکن331پر گرینڈ ہوم کے آؤٹ ہوجانے کے بعد سینٹنر نے ٹیلر کا ساتھ بخوبی نبھاتے ہوئے ان کی سنچری کو بے فیض نہ بننے دیا اور 9گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے12رنز بنا کر ٹیم کو ہدف پار کرانے میں تعاون دیا۔

ٹیلر 84گیندوں پر 10چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے109رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔لیتھم نے 48بالوں پر 69رنز بنائے اور 8چوکے اور دو چھکے لگائے۔ہندوستان کی طرف سے اگرچہ کلدیپ یادو دو وکٹ لے کر نمایاں رہے لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے کوٹے کے پورے دس اووروں میں84اور ان کے ساتھ شردل یادو نے9اووروں میں80رنز لٹا کرنیوزی لینڈ کو 348 کے ہدف کو قابل رسائی بنانے میں زبردست تعاون دیا۔اس سے قبل ہندوستان نے مقررہ50اووروں میں صرف4وکٹ کے نقصان پر 347رنز بنائے۔ جس میں شریاس ایر کی شاندار سنچری شامل ہے۔

انہوں نے 107گیندوں پر 11چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے103رنز بنائے۔ دیگر کامیاب بلے بازوں میں لوکیش راہل 64گیندوں پر3چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے88اور کپتان وراڑٹ کوہلی 63بالوں پر 6چوکوں کی مدد سے51رنز بنا کر نمایاں رہے۔ڈیبو کرنے والے افتتاحی بلے بازوںپرتھوی شاہ نے 21گیندوں پر 3چوکوں کے ساتھ 20، میانک اگروال نے31گیندوں پر 6چوکوں کے ساتھ 32اور جادھو نے15گیندوںپر تین چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ26رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ساؤدی 2وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ سوڈھی اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ لی۔روز ٹیلر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ تین میچوںکی سریز میں 1-0سے آگے ہو گیا۔