پوٹ فیسٹروم:مڈل آرڈر کے بلے باز محمود الحسن جوئے کی شاندار سنچری اور ساتھی بلے بازوں کے ساتھ ان کی ایک ہاف سنچری اور ایک سنچری پارٹنر شپ کی مدد سے بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو 6وکٹ سے شکست دے کر انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چمپین ہندوستان کے خلاف اتوار کے روز ہوگا۔

212ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے اگرچہ محض32اسکور پر بنگلہ دیش کے دونوں افتتاحی بلے باز پویلین لوٹ گئے لیکن محمود الحسن اور توحید ہریدوئے نے اننگز کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ محتاط انداز میں ہدف کی جانب پیشقدمی جاری رکھی اور اسکور 100تک پہنچا دیا لیکن اس اسکور پر توحید 47گیندوں پر 4چوکوں کی مدد سے40رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ لیکن اس وقت تک وہ دوسرے وکٹ کی پارٹنر شپ میں 68رنز بنا کر بعد میں آنے والے بلے بازوں کی راہ کافی آسان کر گئے تھے۔

ان کی اس محنت کو شہادت حسین نے محمود الحسن کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 101رنز کی پارٹنر شپ کر کے کامیاب کر دیا اور اسکور کو200پار اور محمود الحسن کو 100پار کرانے میں زبردست تعاون دیا۔ 201کے مجموعے پر محمود الحسن سنچری بناتے ہی کھبے اسپن بولر جیسی ٹشکوف کو ریٹرن کیچ دے کر آؤٹ ہو گئے۔

لیکن اس وقت تک محمود اپنے انٹرنیشنل کیریر کی پہلی سنچری بنانے اور بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل میں پہنچانے میں کامیاب ہو چکے تھے۔محمود نے 127گیندوں پر 13چوکوں کی مدد سے100رنز بنائے۔شہادت حسین 51گیندوں پر چار چوکوں کے ساتھ 40رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ اورابھی 35گیندوں کا کھیل باقی تھا کہ شہادت حسین اور کپتان اکبر علی نے ٹیم کو منزل تک پہنچا دیا۔

کرسٹیان کلارک، ڈیوڈ ہان کوک،ادتیہ اشوک اور ٹشکوف نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرنے کے لیے مدعو کیے جانے پر نیوزی لینڈ نے مقررہ50اووروں میں8وکٹ پر211رنز بنائے، جس میںوہیلر گرینال 83 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 75رنز بنا کر نمایاں رہے۔نکولس لیڈاسٹون نے 74گیندوں پر دو چوکوں کے ساتھ44اور فرگوس لیلمان نے 50گیندوں پر تین چوکوں کےساتھ24رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسٹ بولر محمد شریف الاسلام نے تین وکٹ لیے جبکہ آف اسپنر شمیم حسین اور لیفٹ آرم اسپن بولرحسن مراد نے دو دو وکٹ لیے۔بائیں ہاتھ کے ہی اسپن بولر رقیب الحسن کو ایک وکٹ ملی۔محمود الحسن جوئے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔