نئی دہلی: دہلی میں کیجری وال کی عام آدمی پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت کے ساتھ جیت حاصل کر کے دہلی میں حکومت سازی کی ہیٹ ٹرک کرکے کانگریس کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجری وال نے جیت کے بعد پارٹی کے حامیوں اور ان کی پارٹی اور انہیں ووٹ دینے والوں کا ہی نہیں بلکہ پوری دہلی کے عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ ملک اور دہلی والوں کی جیت ہے۔

کیجری وال نے کہا کہ اب مستقبل میں اسی پارٹی کو جیت ملے گی جو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے گا۔

کیجری وال نے ہنومان جی کا بھی شکریہ ادا کیا کیونکہ اسمبلی انتخابات کے دوران ہندومان کا موضوع بھی چھایا رہا تھا۔دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواڑی نے کیجری وال پر ہنومان جی کی توہین کا الزام لگایا تھا۔

کیجری وال نے کہا کہ میں دہلی والوںکا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنا بیٹا سمجھ کر زبردست حمایت دی اور دہلی اسمبلی میں ایکبار پھر ان کی پارٹی کو شاہانہ انداز میں داخلہ دلایا۔

آخری نتائج اور رجحان کے بعد عام آدمی پارٹی نے63سیٹوں پر قبضہ کر کے حریف پارٹیوں کے حکومت سازی کے دعوؤں پر جھاڑو پھیر دی۔

بی جے پی کو صرف7سیٹیں ملیں جبکہ کانگریس کو حسب معمول کھاتہ تک نہیں کھول سکی۔کانگگریس کے بتدریج زوال کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ 1998میں53،2003میں48،2009میں43،2015میں صفر اور 2019میں صفر پر رہی۔