دوبئی: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی مشیر ایوانکا ٹرمپ نے قوانین میں ترمیم کر کے خواتین کو جنسی مساوات دیے جانے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کوششیں کرنے پر سعودی عرب کی زبردست ستائش کی۔

متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے شہر دوبئی میںدوبئی وومین اسٹیبلشمنٹ کے زیر اہتمام منعقد گلوبل ویمن فورم کے پہلے روز تقریر کرتے ہوئے ایوانکا ٹرمپ نے گذشتہ دو سال کے دوران خواتین کی آزادی اور مالی خدمات تک ان کی رسائی کے لیے اہم اصلاحات کے لیے مملکت سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ وشمالی افریقہ میں چار دیگر ممالک کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ ترقی آخر کار ترقی پر ہی استوار ہوتی ہے۔ بحرین نے کام کرنے کی جگہ پر انسدا د تفریق کے لیے قانون بنایا، اردن نے رات میں خواتین کے کام کرنے پر عائد قانونی پابندیاں ہٹائیں، مراکش نے خواتین کے اراضی حقوق میں وسعت کی اور تیونس نے خانگی تشدد کی روک تھام کے لیے سخت قوانین وضع کیے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کامیابیوں اور پیش قدمیوں کو سراہنا چاہئے۔تاہم ہمیں مطمئن ہو کر نہیں بیٹھ جانا چاہئے کیونکہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ آج بھی اکثرخواتین کو ملازمتوں کے لیے نکلنے، اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے اور اپنا مستقبل خود طے کرنے کی راہ میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔