ممبئی: شیو سینا نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورے کے پیش نظر کی جارہی تیاریاں ہندوستانیوں کی ”غلامانہ ذہنیت“کی عکاس ہے۔
اپنے ترجمان سامنا کے اداریہ میں شیو سینا نے لکھا کہ ٹرمپ کی ہندوستان آمد کو ایسا سمجھا جا رہا ہے گویاکوئی بادشاہ آرہا ہو۔
ٹرمپ کی احمد آباد آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک قطعہ اراضی پر واقع جھونپڑ پٹی کو ٹرمپ کی نظروں سے پوشیدہ رکھنے کے لیے دیوار تعمیر کرانے پر طنز کرتے ہوئے شیو سینا نے کہا امریکی صدر کی آمد سے غیر ملکی زرمبادلہ منڈی میں نہ تو روپے کی قدر میں جاری گراوٹ تھمے گی اور نہ ہی اس دیورا کے پیچھے جھونپڑ پٹی میں رہنے والوں کی زندگی سدھر جائے گی۔
اداریہ میں مزید کہا گیا کہ آزادی سے قبل شاہ برطانیہ یا ملکہ برطانیہ غلام ممالک میں سے ہندوستان جیسے ایک ملک کا دورہ کرتے تھے ۔ ٹرمپ کی آمد کے موقع پر ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے تیاری بھی بالکل ایسی ہے ہے جیسی غلامی کے دور میں برطانیہ کا شاہ یا ملکہ کی آمد پر تیاریاں کی جاتی تھیں۔
سینا نے اس راستے پر جہاں سے ٹرمپ کا قافلہ گذرنا تھا، واقع جھگی جھونپڑیوں کو ٹرمپ اور ان کے وفد کی نظر سے چھپانے کے لیے احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ دیوار تعمیر کرائے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو آرے ہاتھوں لیا۔
سامنا مزید رقمطراز ہے کہ سابق وزیر اعظم محترمہ آنجہانی اندرا گاندھی نے ایک بار ”غریبی ہٹاؤ‘ نعرہ لگایا تھا جس کا طویل عرصہ تک مذاق اڑایا جاتا رہا اور اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مودی کا منصوبہ ہے ”غریبی چھپاؤ“۔
سامنا میں پوچھا گیا کہ کیا احمد آباد میں ایسی کوئی دیوار تعمیر کتنے کے رقم مختص کی گئی تھی؟ کہیں امریکہ ملک بھر میں ایسی دیواریں کھڑی کرنے کے لیے قرضہ تو نہیں دے رہا؟