اسلام آباد: طالبان نے کہا ہے کہ اس ماہ کے اواخر تک امریکہ کے ساتھ ایک امن معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے۔ دوسری جانب اعلیٰ امریکی مذاکرات کار نے کہا کہ وہ بذات خود اس عمل سے اچھی امید رکھتے ہیں۔

سینیر طالبان رہنما اور دوحہ ،قطر میں طالبان کے سیاسی کمیشن کے ایک رکن عبد السلام حنفی نے صحافیوں کو ایک ویڈیو پیغام بھیجا ہے کہ مذاکرات کے بعد طرفین نے امن معاہدے کے حتمی مسودہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

اور اب مذاکرات ختم ہو گئے ہیں۔ طالبان کے ساتھ امن معاہد ہ ہوجانے کا امریکہ کی جانب سے جمعہ کو اعلان کیے جانے کے بعد طالبان کی جانب سے باقاعدہ طور پر یہ پہلا بیان جاری کیا گیا۔

حنفی نے مزید کہا کہ طرفین اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ امن معاہدے پر دستخط سے پہلے ایک سازگار ماحول بنا کر اس ماہ کے اواخر تک معاہدے پر دستخط کر دیے جائیں۔

حنفی جس سازگار ماحول کی بات کر رہے ہیں وہ در اصل امریکی مذاکرات کاروں اور افغان حکومت کے اس مطالبہ کے حوالے سے ہے جس میں ایک مقررہ مدت کے دوران تشدد میں کمی لائی جائے اور عارضی جنگ بندی ایک ہفتہ تک رہے گی۔

حنفی نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ سازگار ماحول کا کیا منطقی نتیجہ برآمد ہوگا۔ امریکی و افغان عہدیداران بھی تشدد میں کمی سے متعلق تفصیل بتانے سے گریزاں ہیں اور اس معاملہ پر وہ پوری طرح سے مہر بہ لب ہیں۔