احمد آباد: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہاں موٹیرا اسٹیدیم میں اعلان کیا کہ 25فروری بروز منگل ہندوستان اور امریکہ 3بلین ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

نمستے ٹرمپ تقریب میں ایک لاکھ کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ہم اپنے دفاعی تعاون کو جاری رکھنے کے لیے امریکہ ہندوستان کو کرہ ارض پر دستیاب سب سے زیادہ ہولناک اور تباہ کن اسلحہ اور فوجی سازو سامان فراہم کرنے کے لیے بے قرار ہے ۔ ہم ایسا بہترین اسلحہ تیار کر رہے ہیں جو اس سے پہلے کسی نے نہیں بنایا ہوگا۔

ہم بہترین اسلحہ بناتے ہیں اور اب ہندوستان سے معاہدے کر رہے ہیں۔ہندوستان اور امریکہ منگل کے روز دہلی میں ہندوستانی بحریہ کے لیے 24ایم ایچ- 60آرہیلی کاپڑٹرز اورہندوستانی بری فوج کے لیے چھ اے ایچ 64ای اپاچے ہیلی کاپٹرز کے لیے دو معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب میں، جو انہوں نے نمستے کہہ کر شروع کیا، وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی زبردست مدح سرائی کی اور کہا کہ پانچ مہینے پہلے امریکہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا استقبال کیا تھا آج ہندوستان ہمارا استقبال کر رہا ہے جو ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔آج ہم دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمارا استقبال کیا۔

آج سے ہندوتان ہمارا سب سے زیادہ اہم اور عزیز ترین دوست ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ہندوستان کو دورہ کرنا باعث فخر و انبساط ہے۔مودی ایک چمپین ہیں جو ہندوستان کو ترقی کی جانب لے جا رہے ہیں۔ٹرمپ نے اس موقع پر کرکٹ کھلاڑیوں کا ذکر رکتے ہوئے کہا کہ کرکٹ نے ہندوستان کو دنیا کے دو بہترین بلے باز سچن ٹنڈولکر اور وراٹ کوہلی دیے۔

ہندوستانی فلم انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کا حدود اربعہ بہت بڑا ہے یہاں ہر سال تقریباً2ہزار فلمیں بنتی ہیں۔یاہں کی فلموں میں بھنگڑا اور میوزک بہترین ہوتا ہے۔اس ضمن میں انہوں نے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم دل والے دولہنیا لے جائیں گے کا ذکر کیا ۔