کوٹہ: راجستھان کے ضلع بوندی میں ایک اندوہناک سڑک حادثہ میں 25افاد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب شادی کی تقریب میں دولہن کے ننھیال والوں کو لے جارہی ایک پرائیویٹ بس ضلع میں کوٹہ۔دوسا شاہراہ سے گذرتے ہوئے ایک ندی میں جا گری۔

بس میں28 افراد سوار تھے۔اور یہ بارات کوٹہ سے علی الصباح سوائی مادھو پور روانہ ہوئی تھی۔لیکن بس جیسے ہی لکھاری تھانہ کے تحت پپڑی گاؤں کے قریب واقع پل پر پہنچی ڈرائیور کا ہاتھ بہک گیا اور اسٹئیرنگ اس کے قابو سے باہر ہو گیا اور بس لہرا کر کئی فٹ نیچے گہری ندی میں جا گری۔

لکھیری کے سب انسپکٹر راجندر کمار نے بذریعہ فوج پریس ٹرسٹ آف انڈیا(پی ٹی آئی) کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ اس پلیا پر کوئی دیوار تھی اور نہ ریلنگ ۔ جس کے باعث بس پل سے پھسل کر دریائے چمبل کی معاون ندی میج میں گر گئی۔

انہوں نے مزید کہاکہ13باراتیوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 12دیگر اسپتال میں دم توڑ گئے۔ہلاک شدگان میں 11مرد،10کواتین اور چار بچے شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ حادثہ کے وقت بس تیز رفتار سے جارہی تھی۔جس کے باعث پل پر پہنچتے ہی بے قابو ہو گئی اور ندی میں جا گری۔

اگرچہ گاؤں والوں نے ندی میں چھلانگیں لگا کر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے اور انہوں نے پھر اس کی اطلاع پولس کو دی۔گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ بس چونکہ الٹی گری تھی اس لیے جو لوگ تیرنا جانتے تھے وہ بھی بس سے باہر نہیں نکل سکے۔

ہلاک شدگان دولہن کے ننھیال والے تھے اور بدھ کے روز ہونے والی شادی کے لیے بھات لے کر جارہے تھے۔