کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ نے یہاں آئی سی سی کی ورلڈ ٹسٹ چمپین شپ میں ہندوستان کو دوسرے ٹسٹ میچ میں بھی7وکٹ سے شکست دے کر دو ٹسٹ میچوں کی سریز 2-0سے جیت لی۔

ہندستان کو کھیل کے ہعر شعبہ میں زبردست مات دیتے ہوئے اس کے خلاف اس کلین سوئپ میں جہاں ایک طرف نیوزی لینڈ کے بولروں کی عمدہ بولنگ نے کلیدی کردار ادا کیا وہیں اسی پچ پر جس پر ہندوستان کے تمام بلے باز مل کر صرف124رنز ہی بنا سکے نیوزی لینڈ کے محض تین بلے بازوں نے اس سے زیادہ رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلادی۔ علاوہ ازیں شکھر دھون، روہت شرما، کلدیپ یادو،ایشانت شرما کی عدم دستیابی سے ٹیم انڈیا کا ادھورا پن بھی ظاہر ہو گیا ۔اس پر طرہ یہ کہ محمد شامی بھی بولٹ کا باؤنسرلندھے پر لگنے کے باعث نیوزی لینڈ کی اننگز میں بولنگ نہ کر سکے جس سے میزبان ٹیم کے لیے132رنز کا ہدف اور بھی آسان ہو گیا۔

نیوزی لینڈ اس سریز جیت کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپین شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر انگلستان اور پاکستان کو پھلانگ کرتیسری پوزیشن پر آگیا۔اپنی ڈیبو ٹسٹ سریز میں ہی فاسٹ بولر کائل جیمیسن نے مین آف دی میچ ایوارڈ جیتا جبکہ ان کے سینئر فاسٹ بولر ٹم ساؤدی کو مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔ 132ہدف کے تعاقب میں ٹوم لیتھم اور ٹوم بلنڈیل پر مشتمل افتتاحی جوڑی نے ہی 103رنز کی پارٹنر شپ کر کے ٹیم کی ہدف تک رسائی آسان کر دی۔ 103مجموعے پر لیتھم 74گیندوں پر 10چوکوں کی مدد سے52رنز بنا کر امیش یادو کی گیند پر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔9رنز کے اضافہ کے بعد کپتان ولیمسن کو بومرا نے اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا وہ صرف5رنز ہی بنا سکے۔

نیوزی لینڈ جب ہدف سے محض11رنز دور تھا تو دوسرے اوپنر بلنڈل بھی بومرا کی گیند پر صاف بولڈ ہو گئے انہوں نے 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے55رنز بنائے۔ اس سے قبل ٹیم انڈیا نے 7رنز کے فائدے سے اپنی دوسری اننگز شروع کی لیکن دوسرے اوور سے ہی اس کی بلے بازی نے اس وقت لڑکھڑا نا شروع کر دیا جب8مجموعی اسکور پر افتتاحی بلے باز میانک اگروال صرف3رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور ابھی ٹیم انڈیا نے اپنی پہلی اننگز کی7رنز کی سبقت میں 131رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ اس کی پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔ چتیشور پجارا 88گیندوںکی اننگز میں2چوکوں کے ساتھ 24رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پرتھوی شاہ نے 24گیندوں پر 14رنز بنائے اور دو چوکے لگائے۔ 14ہی رنز کپتان وراٹ کوہلی نے بنائے انہوں نے40گیندیں کھیلیں اور تین چوکے لگائے۔ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ 12گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ16رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹوم بولٹ نے4، ساؤدی نے 3اور گینڈ ہوم اور ویگنر نے ایک ایک وکٹ لی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سریز میںکسی ٹیم کاگذشتہ 8سال کے دوران یہ پہلا کلین سوئپ ہے۔آخری بارآسٹریلیا نے 2012کی ہوم سریز میںایڈیلیڈ میں ہندوستان کو 298رنز سے شکست دے کر چار ٹسٹ میچوں کی سریز 4-0سے وائٹ واش کیا تھا۔