ممبئی: کورونا وائرس نے انسانوں کی زندگی کو ہی نہیں ان کے کاروبار پر بھی کاری وار کیا ہے جس کے باعث چوتھے روز بھی شیئر بازار کوروناوائرس کے چنگل میں پھنسا رہا اور اسٹاک مارکٹ میں زبردست مندی دیکھی گئی۔ سینسکس اور نفٹی میں زبردست گراوٹ ہوئی ۔سنسیکس اور نفٹی دونوں ہی کی صبح بھاری گراوٹ کے ساتھ ہوئی۔ بامبے اسٹاک ایکس چنج کے 30شیئروں والے انڈکس سنسکس میں شروع میں ہی 1800پوائنٹس کی گراوٹ دکھائی دی اور این ایس ای کا 30شیئروں والا انڈکس نفٹی 550پوائنٹس کی گراوٹ سے کاروبار کرہا ہے۔ کاروبار کھلنے کے 10منٹ کے اندر ہی سنسکس 1809.08پوائنٹس گر کر 27060.43 پر چلا گیا۔نفٹی 630.80پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 7865.10پر جا گرا۔کاروبار شروع ہونے سے پہلے ہی جو اشارے مل رہے تھے اس سے یہی لگ رہا تھا بازاربھاری خسارے کے ساتھ کھلیں گے کیونکہ سنسکس میں150پوائنٹس سے اور نفٹی میں450پوائنٹس سے زیادہ گراوٹ دکھائی جا رہی تھی۔ جس سے سرمایہ کاروں کے دل کی دھڑکنیں بے قابو ہوتی جارہی تھیں۔اسی دوران ڈالر کے مقابلہ روپے کے نرخ میں بھی زبردست گراوٹ دیکھی گئی۔جو روپیہ بدھ کے روز ڈالر کے مقابلہ 74.26پر بند ہوا تھا جمعرات کی صبح69پیسے کی گراوٹ کے ساتھ 74.95پر کھلا ۔ کاروبار کے آغاز میں ہی روپے میں75روپے فی ڈالر کے نرخ آچکے تھے جو بعد میں سنبھل گئے۔جس تیزی سے کورونا وائرس اسٹاک مارکٹ پر حملہ آور ہو رہا ہے اس سے ایسا لگ رہا ہے کہ کہیں کاروبار کو عارضی طور پر وک ہی نہ دیا جائے۔ اگر ایسا ہوا تو سرمایہ کاروں کو لاکھوں لاکھ کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرناپڑے گا۔