نئی دہلی:مشہور کینیڈین پاپ گلوکار 26 سالہ جسٹن بیبر نے خود پر دو نوجوان خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی اور ریپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں من گھڑت کہانی قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ جسٹن بیبرپر 20 جون کو ٹوئٹر پر دو خواتین نے جنسی ہراسانی اور استحصال کے الزامات لگائے تھے۔
دونوں خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی اور ریپ الزامات کے بعد جسٹن بیبر نے 21 جون کو اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں الزامات کو مسترد کیا۔برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق جسٹن بیبر پر الزام لگانے والی پہلی خاتون نے تمام ٹوئٹس ہٹا دیے اور گلوکار نے ان کے الزامات کو من گھڑت کہانی قرار دیا۔
جسٹن بیبر نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں واضح کیا کہ جس دن کا ذکر خاتون کر رہی ہیں، اس دن وہ مذکورہ ہوٹل میں تھے ہی نہیں اور انہوں نے اس حوالے سے کچھ ثبوتوں کے اسکرین شاٹس بھی پیش کیے۔گلوکار کا کہنا تھا کہ جس دن ڈینیئل نامی لڑکی ان پر جنسی استحصال کے الزامات لگا رہی ہیں، اس دن وہ دراصل اس وقت کی اپنی گرل فرینڈ گلوکارہ سیلینما گومز کے ساتھ دوسرے ہوٹل میں تھے۔
برطانوی اخبار کے مطابق اگرچہ جسٹن بیبر نے پہلی خاتون کے الزامات کی وضاحت کی مگرانہوں نے سوشل میڈیا اسٹار کاڈی کے الزامات پر کوئی بات یا وضاحت نہیں کی، تاہم انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں اپنے خلاف ہر طرح کے الزامات کو من گھڑت قرار دیا۔
