Vancouver : Protests held outside Chinese consulate over China's occupation of Indian territory, killing of soldiers

وینکوور(کنیڈا): ”فرینڈز آف انڈیا“ گروپ کے اراکین و کارکنوں نے ہندوستانی علاقہ پر قبضہ اور ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت پر وینکوور میں واقع چینی قونصل خانہ کے باہر اور سڑک پار جمع ہو کرچین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین تختیاں اٹھائے تھے جن پر ”ہندوستانیوں کو مارنا بند کرو “، ”جنگ تھوپنا بند کرو“ اور ”تبت کو آزاد کرو“ نعرے تحریر تھے۔ مظاہرین میں سے ایک نے کہا کہ چین عالمی امن و جمہوریت کے لیے خطرہ ہے اور وہ نہ صرف ہندوستان کو بلکہ اپنے تمام پڑوسی ملکوں کو حیران و پریشان کر رہا ہے۔ اور اب وقت آن پہنچا ہے کہ چین کے خلاف کھلی مزاحمت کی جائے اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم و نظریہ کو پنپنے سے روکا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر ایک کو چینی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔فرینڈز آف انڈیا گروپ کی قیادت ہند نژاد کنیڈیائی شہری منند رگل، جو ریڈیو انڈیا ، یو ایس ۔کنیڈا کے مالک ہیں،کر رہے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا کورونا وائرس وبا میں، جو کہ چین کی ہی دین ہے، مبتلا ہے چین نے اپنے توسیع پسندانہ عزائم کو پورا کرنے کی سازشیں رچ کر برصغیر ہند میں جنگ جیسے حالات پیدا کرنے شروع کر دیے ہیں ۔

اس نے گذشتہ ہفتہ لداخ کے وادی گلوان علاقہ میں تعینات ہندوستانی فوجیوں پر دھوکے سے حملہ کر دیا جس میں ایک کمانڈنگ افسر سمیت20 ہندوستانی فوجی شہید ہو گئے۔ اس تازہ جھڑپ سے ہند۔چین حقیقی کنٹرول لائن پر کشیدگی کم ہونے کے بجائے اور بڑھ گئی۔ہند چین سرحد پر ہونے والے اس تصادم کو نہایت سنگین بتایا جا رہا ہے کیونکہ اس سے دونوں ممالک میں کشیدگی بہت زیادہ بڑھ سکتی ہے۔