Army chief visits forward areas in Ladakh; takes stock of ground situation

نئی دہلی: فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نروانے نے بدھ کے روز مشرقی لداخ کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور گذشتہ دنوں چین کے ساتھ خونریز سرحدی جھڑپ کی روشنی میں ہندوستانی فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

جنرل نروانے نے ، جو دو وزہ دورے پر لیہہ میں ہیں، خطہ میں چینی فوجیوں کے خلاف حالیہ سرحدی جھڑپ کے دوران بے جگری سے لڑنے والے سپاہیوں کو توصیفی سند سے سرفراز کیا۔فوجی سربراہ نے شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل یوگیش کمار جوشی ، 14کور کے کمانڈر لفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ اور دیگر سینیئر فوجی عہدیداروں سے خطہ میں سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

لیہہ پہنچنے کے فوراً بعد جنرل نروانے نے ایک فوجی اسپتال کا، جہاں 15جون کو گلوان وادی میں ہونے والی سرحدی جھڑپ میں زخمی 18جوان زیر علاج ہیں، دورہ کیا اور ان کی مزاج پرسی کی۔

فوج نے ایک ٹوئیٹ کے توسط سے بتایا کہ جنرل نروانے نے مشرقی لداخ میں محاذی علاقوں کا دورہ کیا اور فوج کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور فوجیوں کی اعلیٰ حوصلگی کی تعریف و توصیف کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں عزم و استقلال اور جوش و ولولہ کے ساتھ کام کرتے رہنے کی ترغیب دی ۔

جنرل نروانے کے ذریعہ سپاہیوں کوتوصیفی سند عطا کیے جانے حوالے سے معلوم کیے جانے پر فوج کے ایک ذریعہ نے کہا کہ یہ روایت ہے کہ جب بھی فوجی سربراہ فوجی یونٹوں کا دورہ کرتے ہیں تو ڈیوٹی کے دوران مثالی مظاہرہ کرنے والے فوجیوں کو توصیفی سند عطا کی جاتی ہے۔