نئی دہلی: اترپردیش اور بہار میں موسم برسات کی آمد نہایت درجہ ہلاکت خیز رہی اور دونوں ریاستوں میں گذشتہ24گھنٹے کے دوران بارشوں سے متعلق حادثات میں کم از کم 115افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ صرف بہار میں ہی ایک ہی کنبہ کے 8افراد سمیت92افراد بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں ہلاک ہوئے۔
بہار کے 10اضلاع کو ریڈ زون میں درج کر دیا گیا ہے۔ جبکہ آئندہ چند گھنٹے میں پٹنہ،نوادہ،جہاں آباد اور سمستی پور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
جمعرات کو ہونے والی طوفانی بارشوں اوربجلی گرنے کے واقعات سے سب سے زیادہ ہلاکتیں گوپال گنج ضلع میں ہوئیں جہاں کم از کم13افراد ہلاک ہوئے۔
بہار کے 24اضلاع میں طوفان بادو باراں سے زندگی اجیرن ہوگئی ۔ مدھو بنی اور نوادہ میں 8-8افراد ہلاک ہوئے جبکہ پورنیہ میں 7،بھاگلپور اور سیوان میں6-6،دربھنگہ، بانکا، مشرقی چمپارن میں 5-5اور کھگریہ و اورنگ آباد میں3-3اموات ہوئیں۔
مغربی چمپارن، کشن گنج، جموئی، جہان آباد، سپول ،بکسر ،کیمر، میں دو دو اور سمستی پور، سیوہار، سارن، سیتا مڑھی اور مدھے پورہ میںایک ہلاک ہوا۔
اترپردیش کے دارالخلافہ لکھنؤ سے موصول اطلاع کے مطابق ریاست کے مختلف مقامات میں بجلی گرنے کے واقعات میں کم ا زکم24افراد ہلاک اور 12جھلس گئے۔
ریاست میں کانپور سمیت اناؤ، اٹاوہ، اوریہ، باندا ، چتر کوٹ، قنوج، فرخ آباد، مہہوبہ، ہمیر پور، اورئی ، جالون اور کئی دیگر علاقوں میں طوفانی بارش کے ساتھ بجلی گرنے کے کئی واقعات ہوئے۔
