جموں : کنٹرل لائن (ایل او سی) پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور جمعرات کی شب اس نے پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں ایک ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گیا۔
موصول اطلاع کے مطابق جمعرات کی شب پاکستان کی طرف سے راجوری ضلع کے نوشیرا سیکٹر میں فائرنگ کی گئی۔رات 12بج کر 40منٹ پر ہونے والی اس بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں ایک ہندوستانی فوجی جوان شدید زخمی ہو گیا اسے ایک قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بے تحاشہ خون بہہ جانے کے باعث چل بسا۔
جموں میں تعینات فوجی ترجمان لیفٹننٹ کرنل دیوندر آنند نے اس فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ہلاک فوجی کی شناخت حولدار سمبور گورنگ کے طور پر کی گئی ہے ۔یہ نیپال کا رہائشی تھا۔
فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ حولدار سمبور گورنگ ایک دلیر، جوشیلا اور مخلص سپاہی تھا۔ اور ملک ا س کی قربانی اور فرض کے تئیں اس کی دیانتداری کے ہم ہمیشہ مقروض رہے گا۔
گورنگ کا جسد خاکی طبی و قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے نوشیرا لایا گیا ہے۔حولدار گورنگ گذشتہ ایک ماہ کے دوران ایل او سی سے متصل راجوری سیکٹر اور پونچ میں پاکستان کی جانب سے گولہ باری اور فائرنگ میں مارا جانے والاچھٹا ہندوستانی ہے۔
