نئی دہلی: اتر پردیش کے صنعتی شہر کانپور میں گذشتہ ہفتہ ایک ڈی ایس پی سمیت 8پولس اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار کر گرفتاری سے بچنے کے لیے اترپردیش سے مدھیہ پردیش فرار ہوجانے والے ہسٹری شیٹر وکاس دوبے جسے مدھیہ پردیش پولس کی مدد سے گرفتار کرنے کے بعد یو پی پولس اجین سے کانپور لا رہی تھی پولس کے چنگل سے نکل کر بھاگنے کی کوشش میں مارا گیا۔
پولس کے مطابق اسے جب جمعہ کی صبح اجین سے لایا جا رہا تھا توکانپور سے بمشکل چند کلومیٹر کی دوری پر اس نے پولس پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولس نے جوابی فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔
دوبے کو اجین میں جمعرات کی دوپہر میں ایک مندر کے قریب سے پکڑنے کے بعد محکمہ جاتی کارروائی پوری کرنے کے بعد اسے کانپور لایا جا رہا تھا کہ بھونٹی کے قریب پولس قافلہ میں شامل وہ گاڑی جس میں وکاس دوبے کو لایا جا رہا تھا، پلٹ گئی ۔ جس میں دوبے اور کچھ پولس والے زخمی ہوگئے۔
کانپور کے پولس سپرنٹنڈنٹ (ویسٹ) انل کمار نے بتایا کہ پولس وین پلٹنے کا فائدہ اٹھا کر دوبے نے موقع غنیمت جانا اور ایک زخمی پولس والے سے اس کی پستول چھینی اور اس سے فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولس نے اسے چاروں طرف سے گھیر لیا اور اس سے خود سپردگی کرنے کہا لیکن دوبے نے پولس پر فائر جھونک مارا ۔پولس نے اپنے دفاع میں دوبے پر دو فائر کیے ۔جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔اس کو فوراً اسپتال لے جایا گیا ۔
اترپردیش کے اے ڈی جی (امن و قانون) پرشانت کمار نے کانپور پولس کی رپورٹ کا حوالہ دے کر کہا کہ دوبے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
