نئی دہلی: کوویڈ19-وبا کے درمیان جہاں ایک جانب ہفتہ کے پہلے کاروباری دن دوشنبہ کو حصص بازار میں عروج دیکھا گیا وہیں دوسری جانب صرافہ بازار بھی اس وقت خوب مالا مال نظر آیا جب سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوتا دیکھا گیا۔
دوشنبہ کو 24قیراط سونے کا بھاؤ 50ہزار 825روپے فی دس گرام تک پہنچ گیا جو کہ صرافہ بازار کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی قیمت ہے۔
چونکہ موجودہ حالات میں شئیر بازار کی حالت کافی حد تک خستہ دیکھنے کے باعث اب سرمایہ کاروں کو سب سے محفوظ اور سودمند سرمایہ کاری سونے میں ہی نظر آرہی ہے اس لیے سونے کے بھاؤ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
یہی وجہ ہے کہ دہلی صرافہ بازار میں24کیریٹ کے ریٹ 50ہزار روپے فی دس گرام ہو گئے جبکہ 22قیراط کی قیمت47ہزار850روپے فی دس گرام ہو گئی۔چنئی میں 22کیریٹ سونے کی قیمت 46ہزار 900روپے اور 24کیریٹ سونے کے نرخ 51ہزار180روپے تھے۔
چاندی کے بھی بھاؤمیں بے تحاشہ اضافہ ہوا اور ملٹی کموڈیٹی ایکس چنج پر 0.25 فیصد اضافہ کے ساتھ اس کی قیمت بھی51ہزار 217فی کلو گرام ہو گئی۔
