New Taliban Attacks Complicate Afghan Peace Process - WSJ

کابل: شمالی افغانستان میںایک سرکاری انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر پر طالبان کے ایک بڑے دہشت گردانہ حملہ میںسلامتی دستے کے کم از کم11 اہلکار ہلاک اور درجنوں عام شہری زخمی ہوگئے۔ طالبان نے اس خود کش کار بم دھماکہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

طالبان کے اس تازہ حملہ سے امریکی فوجوں کی واپسی کی راہ ہموار کرنے کے مقصد سے ہونے والے امن عمل پر کاری ضرب لگی ہے۔ موصول اطلاع کے مطابق طالبان نے دوشنبہ کی صبح سمنگان صوبے کے ایبک شہر میں افغانستان کے سراغرساں ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی کے ایک اڈے سے باہر کار بم دھماکہ کیا اور دھماکے کے بعد دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے اس سرکاری کمپاؤنڈ میں داخل ہو گئے اور وہاں تعینات سلامتی دستوں پر فائرنگ شروع کر دی اور دیر تک فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔

ایک صوبائی اسپتال کے چیف میڈیکل افسر عبد الخالق مصدق نے بتایا کہ تقریباً43افراد ،جن میں زیادہ تر شہری ہیں، زخمی حالت میں اسپتال لائے گئے ہیں۔صوبائی کونسل کے نائب سربراہ محمد ہاشم سروری نے کہا کہ خود کش کار بمبار نے صوبائی دارالخلافہ ایبک میں انٹیلی جنس سروس محکمہ کی عمارت کو نشانہ بناکرخود کو صدر دروازے پر ہی دھماکہ سے اڑا لیا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکہ اس قدر طاقتور تھا کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنی گئی اور ایک بہت بڑے علاقہ کے اندر واقع عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ طالبان نے، جو صوبے میں سرگرم ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنے حملوں میں شدت پیدا کر لی ہے ،یہ حملہ کیا ہے۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سرکاری سلامتی دستوں نے جوابی کارروائی میں مارٹروں کا استعمال کیا جس کے گولے علاقہ میں واقع مکانات کو بھی جا کر لگے ۔لیکن وزارت دفاع نے طالبان کے اس دعوے کی تردید کر دی۔

سمن گان علاقہ میں حریف انتہاپسندوں کے درمیان جھڑپوں کا میدان بنا رہا ہے اور کچھ اسلامی انتہاپسندوں کا ،جن میں زیادہ تر ازبیک ہیں،تعلق اسلامی تحریک ازبکستان سے ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عصمت اللہ مرادی کے مطابق اتوار کے روز طالبان نے شمالی قندوز صوبے کی چوکیوں پر حملہ کیا تھا جس میں افغان سلامتی دستوں کے14اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

امام صاحب ضلع میں طالبان نے 8پولس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جبکہ چار سدہ ضلع میں انہوں نے تین فوجویں اور تین حکومت نواز لڑاکوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔