وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہندستان کی ایک انچ زمین پر قبضہ تو دور کی بات اسے چھو تک نہیں سکتی۔
لداخ کے لوکونگ میں ہندوستانی فوجیوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے، جوحالیہ سرحدی جھڑپ کے بعد پیدا ہونے سرحدی کشیدگی کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن کا جائزہ لینے کے لیے لیہہ پہنچے ہیں، کہا کہ ہندوستانی فوج پر ہمیں ناز ہے اور میں فوجی جوانوں کے درمیان پہنچ کر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ہمارے جوانوں نے شہادت دی ہے اس کا غم ملک کے 130کروڑ ہندوستانیوں کو بھی ہے۔
لوکونگ چوکی پر پہنچے سنگھ نے کہا کہ ابھی تک مذاکرات میںجو پیش رفت ہوئی ہے اس سے معاملہ طے پاجانا چاہئے لیکن یہ معاملہ کہان تک حل ہو گا اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔لیکن میں اتنا یقین ضرور دلانا چاہتا ہوں کہ ہندستان کی ایک انچ زمین بھی دنیا کی کوئی طاقت چھو نہیں سکتی اور نہ ہی اس پر کوئی قبضہ کر سکتا ہے۔
وزیر دفاع کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 3جولائی کو لیہہ کے اچانک دورے کے، جس میں انہوں نے فوجیوں سے خطاب کیا تھا، کئی روز بعد ہو رہا ہے ۔
راج ناتھ نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے پوری دنیا کو امن و آشتی کا درس دیا ہے ۔ہم نے کبھی بھی کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی ملک کی زمین پر ہم نے قبضہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بے سکونی نہیں امن و سکون کے خواہاں ہیں،ہمار اہمیشہ سے یہ کردار رہا ہے کہ کسی بھی ملک کی عزت نفس اور وقار کو مجروح کرنے کی کوشش نہیں کی۔لیکن اگر ہندوستان کی عزت نفس کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم اسے کسی بھی حال میں برداشت نہیں کریں گے اور اس کا منھ توڑ جواب دیں گے۔
