UK suspends extradition treaty with Hong Kong

لندن: چین کے زیر انتظام علاقہ ہانگ کانگ معاملہ پر طویل عرصہ سے چلی آرہی چین ۔برطانیہ کشیدگی نے اس وقت مزید شد ت اختیار کر لی جب چین کے اس انتباہ کے باوجود کہ برطانیہ سنگین نوعیت کی خارجہ پالیسی غلطی کر رہا ہے اور چین اس کا منھ توڑ جواب دے گا ،برطانیہ نے ہانگ کانگ میں چین کے متنازعہ نئے قومی سلامتی قانون کے خلاف احتجاج میں ہانگ کانگ کے ساتھ حوالگی معاہدہ معطل کر دیا۔

وزیر خارجہ ڈومینک راب نے اس متوقع اقدام کی پارلیمنٹ میں توثیق بھی کر دی۔انہوں نے گذشتہ تین عشروں سے چین کے زیر انتظام علاقہ کے خلاف پہلے ہی سے مہلک اسلحہ پر عائد پابندی میں توسیع کا بھی اعلان کر دیا۔

برطانیہ اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات ہانگ کانگ میں چین کے نافذ کردہ نئے قومی سلامتی قانون کے باعث، جنہیں مغربی طاقتیں ہانگ کانگ میں شہری حقوق اور انسانی حقوق پر کاری وار سمجھتی ہیں، پہلے ہی کافی خراب ہیں۔

کی جانب سے برطانیہ اوور سیز پاسپورٹس اور شہریت کی سہولتوں کے ساتھ ہانگ کانگ کے رہائشیوں کے لیے امیگریشن قوانین میں نرمی کرنے کے اعلان کے بعد چین نے متعدد جوابی اقدامات کی دھمکی دی تھی ۔

چین کے ساتھ کشیدگی میں اس وقت پہلے ہی اضافہ ہو چکا تھا جب برطانیہ نے چین کے صوبے شن جیانگ میں ایغورمسلمانوں کے ساتھ بد سلوکی اور مواصلاتی آلات اور الیکٹرانکس سازو سامان تیار کرنے والی بین الاقوامی کمپنی ہواے کو 5جی نیٹ ورک سے بلاک کرنے پر تنقید کی تھی۔