جے پور : راجستھان کے باڑ میر کی ایک خصوصی عدالت نے پاکستان سے دھماکہ خیز مواد اسمگل کر کے سکھ دہشت گرد تنظیم ببر خالصہ کو سپلائی کرنے کے جرم میں دس افراد کو مجرم قرار دے کر انہیں عمر قید کی سزا سنادی ۔ علاوہ ازیں ان پر جرمانہ بھی عائد کیا۔
مجرم قرار دیے گئے افراد میں ایک ببر خالصہ کا وہ کارکن بھی ہے جو یہ دھماکہ خیز مواد لینے کے لیے باڑمیر آیا تھا۔ان دس افرا د کو دھماکہ خیز اشیاءقانون ، بارود قانون، اسلحہ قانون،انسداد غیرقانونی سرگرمیاں قانون اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مجرم قرار دیا گیا۔باڑ میر ایس/ایس ٹی عدالت کی خصوصی جج ویمیتا سنگھ نے کہا کہ ملزموں پر الازم تھا کہ انہون نے ببر خالصہ کو دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے کے لیے پاکستانی اسمگلروں کی مدد سے اسلحہ بارود ہندوستان پہنچایا تھا۔
ملزموں نے اسمگل کیے گئے دھماکہ خیز مادے سے ہندوستان میں دہشت گردی پھیلانے کے مقصد سے دہشت گردوں کی مدد کرنے کے لیے ایک غیر قانونی تنظیم تشکیل دی تھی ۔باڑ میر پولس نے8ستمبر 2009 کو باڑ میر سے 13کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک مقام پر مارے گئے چھاپے کے دوران 6کلوگرام آر ڈی ایکس ،8غیر ملکی پستولیں اورر420راؤنڈ کارتوس کی برآمدگی کے بعد 2009 میں 14افراد کو گرفتار کیا تھا جن میں پاکستانی اسمگلروں عالیہ خان اور فوزیہ خان اور ببر خالصہ کے تین گرگے ہرجوت سنگھ، پرم جیت سنگھ اور جگموہن سنگھ بھی شامل تھے۔
اس چھاپے کے دوران تین افراد پکڑے گئے تھے اور ان سے دوران تفتیش حاصل معلومات کی بناءپر 9کلو گرام آرڈی ایکس ، ایک ٹائمر آلہ،تین ڈیٹونیٹرز اور910کارتوس اور کچھ دیگر مواد برآمد کیا گیا تھا۔دس افراد بشمول ببر خالصہ کے جگموہن سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
باقی چار چونکہ بیرون ہند تھے اس لیے ان کے خلاف تحقیقات معرض التوا میں پڑی ہیں۔عدالت نے ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے اسلحہ قانون کی دفعہ29کے تحت الزام سے بری کر دیا۔
