مانچسٹر: انگلستان کے خلاف اپنی ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں پہلی بار ایک بڑ ا اسکور بنانے کے باوجود پاکستان میزبان انگلستان سے دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 5وکٹ سے ہار کر تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سریز میں 1-0سے پیچھے ہو گیا۔
مانچسٹر میں پاکستان کے میزبا ن کے خلاف پہلے اس بڑے اسکور پر میزبان کپتان ایوون مورگن اور ڈیوڈ ملان کی شاندار ہاف سنچریوں اور ان دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے112رنز کی شراکت نے ایسا پانی پھیرا کہ مورگن کے آؤٹ ہونے کے بعد ملان نے بعد میں آنے والے بلے بازوں کے ساتھ مل کر ہدف کا تعاقب جاری رکھا اور ابھی پانچ گیندیں باقی تھیں کہ 5وکٹ کے نقصان پر ٹیم کو منزل تک پہنچا دیا۔
اس کے ساتھ ہی انگلستان نے بھی پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی میں اب تک کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔مورگن نے آؤٹ ہونے سے پہلے 200کے اسٹرائیک ریٹ سے 33گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے66 رنز بنائے جبکہ ملان 36گیندوں پر 54رنز بنا کر غیر مفتوح رہے انہوں نے 6چوکے اورا یک چھکالگایا۔ افتتاحی بلے باز وکٹ کیپر جان بیرسٹو نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہر کیا اور ٹیم کی فتح میں 44رنز کا تعاون دیا جو انہوں نے چار چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ 24گیندوں پر بنائے ۔
انہوں نے بینٹن کے ساتھ افتتاحی وکٹ کی رفاقت میں66رنز بناکر ٹیم کو اس بڑے اسکور کی جانب پیشرفت کرنے کی ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرنے کے لیے مدعو کیے جانے پر پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور معمر کھلاڑی محمد حفیظ کی ہاف سنچریوں کی مدد سے مقررہ20اووروں میں4وکٹ پر 195رنزبنائے۔ بابر نے 44گیندوں پر 7چوکوں کی مدد سے56اور محمد حفیظ نے 36گیندوں کا سامنا کر کے 69رنز بنائے جس میں ان کے پانچ چوکے اور چار چھکے شامل ہیں۔فخر زماں نے 22گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے36رنز بنائے۔
ایک اور سینیر کھلاڑی شعیب ملک نے 11گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے14رنز بنائے۔ انگلستان کی جانب سے عادل رشید نے دو اور جارڈن اور کیورن نے ایک ایک وکٹ لی ۔ مورگن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
