Mohammad Hafeez, Haider Ali shine as Pakistan seal narrow win to level series

مانچسٹر: پاکستان نے کانٹے کے مقابلہ میں سینئر موسٹ و تجربہ کار آل راو¿نڈر محمد حفیظ اور نوجوان و ناتجربہ کار اور ٹی ٹونٹی ڈیبو کرنے والے حیدر علی کی شاندار ہاف سنچریوں اور ان دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے سنچری پارٹنر شپ کی بدولت انگلستان کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں 5رنز سے شکست دے کرتین میچوں کی سریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انگلستان نے پاکستان کو 5وکٹ سے ہرادیا تھا۔191رنز ہدف کے تعاقب میں انگلستان کی ٹیم مقررہ20اووروں میں8وکٹ پر185رنز ہی بنا سکی۔اگرچہ 126مجموعے پر ہی انگلستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔لیکن معین علی کریز پر ڈٹے ہوئے تھے اور پاکستانی بولروں کی زبردست خبر لے رہے تھے۔

دوسرے رخ پر جہاں ایک جانب وکٹین گر رہی تھیں وہیں دوسری جانب معین کا بلا بے رحمی سے پاکستانی بولروں کی گیندوں کو میدان کے چاروں کونوں کی زمینی و ہوائی سیر کرا رہا تھا اور میچ بتدریج پاکستان کے ہاتھوں سے نکلتا جا رہا تھا ۔لیکن ایک اور سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی نے اپنے کوٹے کے آخری اور اننگز کے 19ویں اوور کی 5ویں گیند پر راؤنڈ دی وکٹ آکر معین علی کاعین اس وقت جب وہ ٹیم کو ہدف کے نہایت قریب پہنچا چکے تھے، اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر پاکستان کی جیت کی امیدیں جگا دیں ۔

معین جو 33گیندوں پر چار چوکوں اور چار ہی چھکوں کی مدد سے61رنز بنا کر بڑے خطرناک موڈ میں نظر آرہے تھے وہاب کے ایک تیز باؤنسر کو پل کرنے کی کوشش میں توازن کھو بیٹھے اور گیند ان کے بلے کا اوپری کنارا چھو کر ہوا میں تن گئی اور وہاب نے اسے ریٹرن کیچ کی شکل میں بدل کر انگلستان کے خیمے میں سوگ کی فضا قائم کر دی۔آخری اوور میں جب انگلستان کو میچ جیتنے کے لیے 16رنز کی ضرورت تھی تو کہتان بابر اعظم نے چھ فٹے بلوچ فاسٹ بولرحارث رؤف کو گیند تھمائی اور حارث نے بھی اپنے کوٹے کے اور اننگز کے اس اہم اوور میں پہلی پانچ گیندوں تک ہر گیند پر رنز ،جن میں ایک چھکا بھی شامل تھا، دے کر پاکستانی فیلڈروں اور پرستاروں کو گھبراہٹ میں اور انگلستان کے خیمے کو جوش میں مبتلا کر دیا کیونکہ اننگز کی آخری گیند سے عین ایک گیند پہلے ہی ٹام کورین کور کے اوپر چھکا لگا کر بڑے جارحانہ موڈ میں نظر آرہے تھے لیکن حارث نے آخری گیند کو وائڈ یارکرکی شکل دے دی جسے کورین بلے پر نہ لے سکے اور پاکستان 5رنز سے جیت گیا۔ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹ لیے جبکہ عماد وسیم اور حارث کو ایک ایک وکٹ ملی۔

اس سے قبل بلے بازی کے لیے مدعو کیے جانے پر پاکستان نے مقررہ20اووروں میں 4وکٹ پر190رنز بنائے۔ محمد حفیظ نے 4چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 52گیندوں پر 86، حیدر علی نے 5چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ33گیندوںپر54، کپتان بابر نے 18گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے21اور شاداب خان نے 11گیندوں پر 15رنز بنائے جس میں دو چوکے شامل تھے۔انگلستان کی طرف سے کرس جارڈن دو وکٹ لے کر کاماب بولر رہے ۔معین علی اور کورین کو ایک ایک وکٹ ملی۔ محمد حفیط کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔