3 civilians killed in roadside mine blast in Afghanistan

کابل(افغانستان) : افغانستان کے ننگر ہار صوبہ میں سڑک کے کنارے بچھائی گئی ایک بارودی سرنگ پھٹنے سے کم ا زکم تین راہگیر ہلاک ہو گئے اس واردات میں جس کی ابھی تک کسی تنظیم نے ذمہ داری نہیں لی ہے، ایک دیگر شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

ٹولو نیوز کے مطابق یہ دھماکہ صوبہ کے پچیراگم میں ہوا ۔ننگر ہار صوبہ کے گورنر کے ترجمان عطاءاللہ خوگیانی نے افغانستان کی خبر رساں ایجنسی خامہ پریس کو بتایا کہ پچیرا گم ضلع کے گاؤں دارگی میں یہ بارودی سرنگ دھماکہ جمعرات کی صبح 6بجے ہوا۔جس میں تین غیر فوجی ہلاک ہو گئے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہلاک شدگان میں ایک باپ اور اس کا بیٹا بھی شامل ہیں۔یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب علاقہ میں پہلے ہی سے بچھی بارودی سرنگ سے ایک گاڑی گذری۔کسی گروپ یا فرد نے اس دھماکہ کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔

دریں اثنا مسلح افراد کے ایک گروہ نے صوبائی ہیڈ آف جینڈر سید احمد صفی کو صوبہ کے مرکزی شہر جلال آباد میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے نیز تحقیقات جاری ہیں ۔