China admits casualties in Galwan Valley clash

نئی دہلی: مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر ہند ۔چین سرحدی جھڑپ کے حوالے سے پارلیمنٹ میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان سے بھڑک کر چین کے زر خرید ترجمان گلوبل ٹائمز کے ایڈیٹر ہو شی جن نے دعویٰ کیا کہ گلوان وادی میں 15جون کو ہوئی جھڑپ میں ہندستانی فوجیوں نے کسی چینی فوجی کو قیدی نہیںبنایا ۔لیکن ساتھ ہی اس خونریز جھڑپ میں چینی فوجی جانی نقصان کا بھی اعتراف کیا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ مارے گئے چینی فوجیوں کی تعداد ہندوستان کے مارے گئے 20فوجیوں سے کم تعداد ہے۔ لیکن ایک امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق چین پھر بھی ہلاکتوں کی تفصیل عام نہیں کر رہا جبکہ انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج کی جوابی کارروائی میں چین کے35فوجی مارے گئے ہیں۔ گلوبل ٹائمز کے ایڈیٹر نے ٹوئیٹر کے توسط سے راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ جہاں تک مجھے علم ہے گلوان وادی کی جھڑپ میں چینی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ہندوستان کے 20فوجیوں سے کم تھی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گلوبل ٹائمز چین کی حکمراں جماعت چینی کمیونسٹ پارٹی کے زیر کنٹرول اخبار ہے ۔ ایڈیٹر نے ٹوئیٹ کے ساتھ ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں ایک میڈیا رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا سرحدی جھڑپ کے دوران ہندوستان نے چینی فوج کو بھی بھاری نقصان پہنچایا تھا۔

لیکن سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے چینی کٹھ پتلی میڈیا کو چینی فوجیوں کی ہلاکت کی اصل تعداد نہ بتانے پر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ یہ تعداد اس لیے نہیں بتا رہی کیونکہ چین اصل تعداد بتاکر چینی عوام کے پر تشدد ردعمل کو دعوت نہیں دینا چاہتا اور اسی ڈر سے چینی حکومت اور پیپلز لبریشن آرمی ہندوستانی فوج کے ہاتھوں ہلاک چینی فوجیوں کی اصل تعداد بتانے سے کنی کاٹ رہا ہے۔جبکہ دوسری جانب ہندوستان نے اپنے20فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا تھا جس کی راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کے روزز راجیہ سبھا میں ہند چین سرحدی تنازعہ پر بیان دیتے ہوئے تصدیق بھی کر دی تھی ۔

انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ یہ کہنے میںکوئی عار نہیں کہ ہمیں مشرقی لداخ میں چین کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ہم تنازعہ کا پر امن طریقہ سے تصفیہ کرنے کے خواہاں ہیں۔لیکن اس کے ساتھ ہی ہماری فوج ملک کے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی یکجہتی کے دفاع کے لیے کیل کانٹے سے لیس ہے اور ڈٹ کر کھڑی ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایوان کو پورا اطمینا ن و اعتماد رکھنا چاہئے کہ مسلح افواج ہمیشہ چیلنج کا ڈٹ کو مقابلہ کرے گی اور ملک کا سر فخر سے بلند کریں گی۔اسی دوران موصل اطلاع کے مطابق چین حقیقی کنٹرول لائن پر در اندازی کی کوشش کر رہا ہے لیکن ہندوستانی فوجی جوان چینی فوجیوں کی کوشش کا منھ توڑ جواب دے رہے ہیں ۔
a