ممبئی: مہاراشٹر کے شہر تھانے سے 10کلومیٹر کی دوری پر واقع قصبہ بھیونڈی میں ایک مرمت طلب چارمنزلہ عمارت منہدم ہو گئی جس میں کم از کم 10افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 11کو بشمول ایک چار سالہ بچے کو زندہ بچا لیا گیا۔
ہلاک شدگان میں سات بچے شامل ہیں۔ پولس کے مطابق یہ اندوہناک سانحہ صبح تین بج کر40منٹ پر جب پوری عمارت کے رہائشی گہری نیند میں تھے، پیش آیا۔ہندوستان کے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس(این ڈی آر ایف) نے کہا کہ چار منزلہ عمارت کے ملبہ کے نیچے 20تا25افراد ابھی تک دبے ہوئے ہیں۔
این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل ستیہ نرائن پردھان نے وہاں کیے جارہے راحت کاری اور بچاو¿ کے کام کی تصاویر ٹوئیٹر پر ڈالیں اور کہا کہ ابھی تک 11افراد کو بچایا جا چکا ہے جن میں ایک چار سالہ بچہ بھی شامل ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ ملبے کے نیچے مزید کچھ لوگ زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمارت 30سال پرانی تھی اور اس میں مرمت کی ضرورت تھی۔ لیکن کورونا وائرس کے باعث اس کی مرمت کا کام نہیںہو سکا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹر کے توسط سے اس حادثہ پر سخت صدمہ ظاہر کیا اور ہلاک شدگان کے ورثاءسے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد شفایابی کی دعا کی۔
انہوں نے ٹوئیٹر پر مزید لکھا کہ بچاو¿ کا کام جاری ہے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد بہم پہنچائی جا رہی ہے۔یہ عمارت جس میں متعدد اپارٹمنٹس اور کم از کم25کنبے رہائش پذیر تھے بھیونڈی کی گھنی آبادی والے علاقہ میں واقع تھی۔مہاراشٹر حکومت نے حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کو5لاکھ روپے عاوضہ دینے کااعلان کیا ہے۔
