نئی دہلی: مرکزی وزیر ریلوےز مملکت اور کرناٹک سے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ سریش انگاڈی کورونا وائرس کی تصدیق ہوجانے کے کچھ ہی دنوں بعد بدھ کے روز چل بسے۔ 65سالہ انگاڈی نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) ٹراما سینٹر میں ،جسے کوویڈ 19-کے مریضوں کے لیے مخصوص کر دیا گیا تھا، رات 8بجے آخری سانس لی۔
کرناٹک کے بیلا گاوی سے چوتھی بار ممبر پارلیمنٹ منتخب ہونے والے انگاڈی کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر انتقال کر جانے والے پہلے مرکزی وزیر ہیں۔ان سے پہلے چھ ممبران اسمبلی اور تین ممبران پارلیمنٹ کوویڈ19-کی تشخیص ہونے کے بعد انتقال کر چکے ہیں۔
سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی بھی اسی مرض میں مبتلا ہو کر 31اگست کو چل بسے۔انگاڈی نے 11ستمبر کا مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئیٹر پر خود بتایا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔انہوں نے اپنے تمام قریبی ملاقاتیوں سے ،جو گذشتہ کچھ دنوں تک ان کے رابطے میں رہے ، کہا تھا کہ وہ اپنے اندر ذراا بھی اس مرض کی علامات دیکھیں تو اپنا کوویڈ ٹیسٹ کرالیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ و صدمہ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ انگاڈی پارٹی کے غیر معمولی کارکن تھے اور انہوں نے کرناٹک میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے خو دکو وقف کر دیا تھا۔ وہ نہایت ذمہ دار ممبر پارلیمنٹ اور فعال وزیر تھے۔ ان کی اچانک موت افسوسناک ہے۔ میں دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل و عیال اور احباب کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
واضح ہو کہ ہندوستان میں کوویڈ 19-کے مریضوں کی تعداد 56لاکھ سے بھی تجاوز کر چکی ہے ۔اور تقریباً77ہزار اموات ہو چکی ہیں۔
