نئی دہلی: ہندوستان نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے وہ امریکی جیل میں سزا کاٹ رہے 26/11 حملے کے مجرم ڈیوڈ کولیمین ہیڈلی کے خلاف پاکستان سے قانونی چارہ جوئی کرے۔
اطلاعات کے مطابق ، ہندوستانی حکومت نے گذشتہ ہفتے ہیڈلی کے خلاف قانونی کارروائی کے اپنے مطالبے سے پاکستان کو آگاہ کیا اور کہا کہ وہ ممبئی حملے کے گواہوں سے تفتیش کے لئے پاکستان جوڈیشل کمیشن کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔
حکومت ہند نے ٹیلی مواصلات کے ذریعے بھی انکوائری کی تجویز پیش کی ہے۔ہندوستانی حکومت کو یقین ہے کہ ہیڈلی کے پاکستانی حکام کے سامنے بیان دینے سے آئی ایس آئی کا دہشت گردوںکا ساتھ دینے والوں کا راز افشا ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہیڈلی کے بیان سے ممبئی حملوں کے پس پشت پاکستان کا دماغ کارفرما ہونا بھی ثابت ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں ہیڈلی پہلے ہی امریکی اور ہندوستانی ایجنسیوں کے سامنے اعتراف کر چکا ہے کہ اس نے دہشت گردی کی سازش کو پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ایما پر انجام دیا تھا۔ ہیڈلی نے یہ بھی بتایا تھا کہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ آئی ایس آئی کی مدد سے دہشت گردی پھیلا رہی ہے۔
ڈیوڈ ہیڈلی اس وقت امریکی جیل میں بند ہے۔ اسے ڈنمارک اور ہندوستان میں دہشت گردی کے حملوں کی سازش رچنے میں ملزم قرار دیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ فی الحال ہیڈلی امریکی جیل میں35 سال قید کی سزا بھگت رہا ہے۔
