نئی دہلی:اوپنر روہت شرما کی فٹنس سے متعلق فیصلہ ان کے اگلے فٹنس ٹسٹ کے بعد 11 دسمبر کو لیا جائے گا ، جبکہ فاسٹ بالر ایشانت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف 4 ٹسٹ میچوں کی بارڈر -گواسکر ٹرافی سے باہر کردیا گیا ہے۔
جمعرات کی شب جاری ایک بیان میں بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جئے شاہ نے روہت شرما اور ایشانت شرما کی فٹنس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ روہت بنگلورمیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیبلی ٹیشن سے گزر رہے ہیں اور ان کا اگلا ٹسٹ 11 دسمبر کو کیا جائے گا ، جس کے بعد بی سی سی آئی 17 دسمبر سے شروع ہونے والی 4 ٹسٹ میچوں کی سیریز میں روہت کی شرکت کے بارے میں فیصلہ لے گی۔
جئے شاہ نے بتایا کہ روہت آئی پی ایل میں پانچویں بار ممبئی انڈینز کو چیمپئن بنانے کے بعد اپنے بیمار باپ کو دیکھنے ممبئی آئے تھے۔ ان کے والد کی حالت بہتر ہو رہی ہے ، جس سے انہیں این سی اے کا دورہ کرنے اور اپنا ری ہیبلی ٹیشن شروع کرنے کی اجازت مل گئی۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ جہاں تک ایشانت شرما کا تعلق ہے تو وہ اپنی پسلیوں کی کھنچاؤ سے پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں لیکن ایشانت کو ٹسٹ میچ کی فٹنس دوبارہ حاصل نہ ہونے تک بارڈر-گواسکر ٹرافی سے باہر کردیا گیا ہے۔اس سے قبل یہ خبر بھی موصول ہوئی تھی کہ روہت اور ایشانت آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ٹسٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔
روہت ہیمسٹرنگ انجری سے اور ایشانت شرما پسلیوں میں کھنچاؤ کے شکار ہیں۔ دونوں کو یہ چوٹ متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل میچوں کے دوران لگی تھی۔ ایشانت آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس آئے تھے ، جبکہ روہت اپنی ٹیم ممبئی انڈینز کو پانچویں بار آئی پی ایل چیمپئن بنانے کے بعد وطن واپس آئے تھے۔ دونوں بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیبلی ٹیشن سے گزر رہے تھے۔
بی سی سی آئی کے تازہ ترین بیان کی بنیاد پر یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ روہت کا ٹسٹ سیریز میں کھیلنا مشکوک ہو گیا ہے۔ دریں اثنا بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر ٹی نٹراجن کو جمعہ سے آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لئے ہندوستانی ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ بی سی سی آئی کی سینئر قومی سلیکشن کمیٹی نے لیا ہے۔
ون ڈے ٹیم کے فاسٹ بالر نودیپ سینی نے کمر میں درد کی شکایت کی ہے جس کے بعد نٹراجن کو بیک اپ کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
