لندن: برطانوی صحت حکام نے بڑے پیمانے پر تجربے اور آزادانہ طور پر جانچ کے بعد کوویڈ 19-ویکسین کی پہلی خوراک ایک ضعیفہ کو دے کر عالمی ویکسین ٹیکا پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
صحت عامہ کے عہدیداران عوام سے صبر و تحمل سے کام لینے کی تلقین کر رہے ہیں کیونکہ اس وقت صف انہی لوگوں کو یہ ٹیکا لگایا جا رہا ہے جن کے کویڈ19- میں مبتلا ہونے کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔ طبی عملہ ٹیکے لگانے کے لیے عوام سے خود ہی رابطہ کرے گا اور اس پروگرام کو توسیع دینے کے لیے وافر مقدار میں دوا پہنچنے سے پہلے بیشتر افراد کو ا پنی باری آنے کا ایک سال تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
انگلستان کی نیشنل ہیلتھ سروس کے چیف ایکزیکٹیو سائمن اسٹیونز نے کہا کہ ”میں سمجھتا ہوں کہ آج منگل کوروناوائرس کے خلاف ہماری جنگ کا ٹرننگ پوائنٹ کے طور پر دیکھا جائے گا۔اس ویکسین کا پہلا ٹیکا لگوانے والی مارگریٹ کینان 91سال کی ہیں ۔ انہیں صبح چھ بج کر31منٹ پر یونیورسٹی ہاسپٹل کووینٹری میں لگا یا گیا۔
کینان نے ٹیکا کاری کے بعد کہا کہ وہ کوویڈ 19-کا ٹیکا لگوانے والی پہلی خاتون ہونے کا فخر محسوس کر رہی ہیں۔یہ میرے لیے ایک ایسا بہترین سالگرہ تحفہ ہے جس کی میں متمنی ہو سکتی تھی کیونکہ اس ٹیکے کی وجہ سے اب میں پورے سال تنہا گذارنے کے بعد اب نئے سال میں اپنا وقت اپنے خاندان اور دوست احباب کے ساتھ گذار سکوں گی۔
پہلی 8لاکھ خوراک ان80سالہ افراد کو دی جائے گی جو اسپتال میں داخل ہیں یا گھریلو طبی کارکنوں کے ساتھ او پی ڈی میں آتے ہیں۔باقیوں کو اپنی باری کا انتظار کرنا پڑے گا۔
