سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے کے سنگھ پورہ بازار میں بدھ کی صبح ایک مشتبہ گرینیڈ دھماکے میں ایک خاتون سمیت 6 عام شہری زخمی ہوگئے۔ دریں اثنا ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے جائے واردات پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہ غالباً اس حملے میں عام شہریوں کو ہی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سشستر سیما بل ( ایس ایس بی) کی ایک گاڑی تھی اس کو نشانہ بنانے کی کوشش ہوسکتی ہے لیکن جہاں گرینیڈ پھٹا گاڑی اور اس جگہ کے فاصلے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ شاید عام شہریوں کو ہی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے‘۔
موصوف نے بتایا کہ ان حملوں سے یہاں جاری ڈی ڈی سی انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سرکاری ذرائع نے بھی سنگھ پورہ بازار گرینیڈ دھماکہ اور اس میں 6شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔
جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔اسپتال ذرائع نے زخمیوں کی شناخت غلام محمد پرے ولد محمد رمضان پرے، گلزار احمد خان ولد غلام محی الدین خان، منظور احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ، زبیر احمد ڈار ولد عاشق ڈار ساکنان سنگھ پورہ پٹن، تبسم دختر عبد الرحمان بٹ ساکن ہندوارہ اور فرمان علی ساکن اتر پردیش کے طور پر کی ہے۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آ وروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
