Pakistan accuses India of funding disinformation campaign in EU

نئی دہلی: ہندوستان نے جھوٹی اطلاع پھیلانے کے پاکستان کے الزامات کے حوالے سے اس کی تنقید کی اور کہا کہ جہاں تک جھوٹی اطلاع کی بات ہے، اس کی بڑی مثال خود پڑوسی ملک ہے، جو خیالی اور من گھڑت دستاویز تقسیم کر رہا ہے اور مستقل طور پر فرضی خبروں کا سہارا لے رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ذریعہ ہندوستان پر فرضی میڈیا اداروں کے ذریعہ تخریبی سرگرمیوں کا الزام لگانے کے لئے یوروپی یونین (ای یو) جھوٹی اطلاع لیبارٹری کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیئے جانے اور اسی طرح کے الزام پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ذریعہ لگائے جانے پر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان انیرودھ شریواستو نے کہا کہ ذمہ دار جمہوریت ہونے کے ناطے ہندوستان غلط اطلاعات کو نہیں پھیلاتا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ غلط اطلاعات خاص طور پر وہ لوگ پھیلاتے ہیں، جن کا ریکارڈ ہی چھپانے اور اسامہ بن لادن جیسے بین الاقوامی مطلوب دہشت گردوں کو پناہ دینے کا رہا ہے۔

ہندوستان کے ذریعہ شہتوت باندھ کی تعمیر کئے جانے سے متعلق وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ذریعہ جنیوا ڈونرس کانفرنس میں حال ہی میں کئے گئے اعلان کے بارے میں پوچھے جانے پر انوراگ شریواستو نے کہا کہ وزیر نے یہ اعلان کیا ہے کہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان اس باندھ کو لے کر ایک اتفاق رائے بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے پر جلد ہی دستخط کئے جانے کی امید ہے ۔