Former Pakistan cricket captain Shahid Afridi is furious over rumors circulating about his daughter

لاہور :پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی علالت کے حوالے سے پھیلائی جارہی جھوٹی خبروں سے نہ صرف رنجیدہ ہیں بلکہ شدید غم و غصہ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ آفریدی کی شکایت ہے کہ ان کی بیٹی سے متعلق سوشل میڈیا پر مسلسل جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ اور یہ افواہ اڑائی جارہی ہے کہ ان کی بیٹی بیمار ہے اور ہسپتال میں بھرتی ہے۔

پاکستانی ٹی وی چینل جیو ٹی وی کے مطابق آفریدی نے اس معاملہ پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کا استعمال کرنے والوں کو زیادہ ذمہ دار ہونے کی ضرورت ہے اور وہ ایسی جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی بیمار نہیں ہے۔بتادیں کہ شاہد آفریدی دو دسمبر کو ایک ہفتہ بعد ہی لنکا پریمیئر لیگ چھوڑ کر واپس پاکستان لوٹ گئے تھے۔

ٹورنامنٹ درمیان میں چھوڑنے کو لے کر انہوں نے تفصیل سے کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ کسی ذاتی ایمرجنسی کی وجہ سے پاکستان واپس جارہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ کہا تھا کہ حالات ٹھیک ہونے پر وہ ٹورنامنٹ میں واپس لوٹ آئیں گے ، لیکن ان کے پاکستان لوٹتے ہی سوشل میڈیا پر خبریں آنے لگیں کہ آفریدی کی بیٹی ہسپتال میں داخل ہیں۔

گزشتہ ہفتہ سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی گئی تھی ، جس میں دکھایا گیا تھا کہ ان کی بیٹی ہسپتال کے بیڈ پر لیٹی ہیں اور آفریدی سامنے کھڑے ہیں۔ افواہ پھیلنے کے بعد بھی آفریدی کچھ دنوں تک خاموش رہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتہ انسٹاگرام پر اپنی ایک بیٹی کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی اور ساتھ ہی انہوں نے اس کو یوم پیدائش کی مبارکباد دی تھی۔

پاکستان کیلئے 20 سالوں تک کرکٹ کھیلنے والے شاہد آفریدی نے ون ڈے میں آٹھ ہزار سے زیادہ رن بنائے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایل پی ایل میں جافنا اسٹیلینس کے خلاف انہوں نے طوفانی نصف سنچری بنائی تھی۔ آفریدی نے جافنا اسٹالیون کے خلاف صرف 23 گیندوں میں 58 رن بنائے تھے۔