نئی دہلی: وزیر اعظم نر یندر مودی نے بدھ کی صبح 1971کی ہند ۔پاک جنگ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر نیشنل وار میموریل میں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر تینوں افواج کے سربراہ بھی موجود تھے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جنگ میں زبردست فتح کی سالگرہ منانے کے لیے ”سورنم وجے ورش “ کے لیے ایک لوگو کی نقاب کشائی کی۔وجے دوس 1971میں پاکستان پر فتح کی، جو بنگلہ دیش وجود میں آنے کا باعث بھی بنی تھی، یاد میں ہر سال16دسمبر کو منایا جاتا ہے۔16 دسمبر عالمی سیاست کی تاریخ میں ایک ایسا یادگاری دِن ہے، جب صرف 13 دن کے عرصے میں ایک جنگ لڑی گئی اور ایک آزاد ملک کا وجود عمل میں آیا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وجے دوس پر ہندوستانی مسلح افوج کی بہادری اور شجاعت کو سلام کیا ۔انہوں نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ ہندوستان کے جانباز سپاہیوں نے شجاعت کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان کی یہ قربانی ہندوستانیوں کے لیے مشعل راہ ہے اور ان میں ترغیب پیدا کرے گی اور قوم ہمیشہ انکا احترام کرے گی۔ فتح کی چار مشعلیں نیشنل وار میموریل کی ہمیشہ جلنے والی مشعل سے روشن کی گئی۔ اب یہ مشعلیں 1971 کی جنگ کے، پرم ویر چکر اور مہاویر چکر حاصل کرنے والے جوانوں کے گاو¿وں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں لے جائی جائیں گی۔
وزارت دفاع کے مطابق اِن انعام یافتگان کے گاو¿وں اور 1971 میں جِن بڑے علاقوں میں لڑائیاں لڑی گئی تھیں ان علاقوں کی مٹی نئی دہلی میں اِس یادگاری مقام پر لائی گئی۔اِس سلسلے میں پورے ملک میں مختلف یادگاری تقریبات منعقد کی جارہی ہیںجن میں ان آزمودہ کار سپاہیوں اور بہادر خواتین کا خیرمقدم کیا جارہا ہے جنہوں نے جنگ میں حصہ لیاتھا۔
اس جنگ نے پاکستان کے اصل چہرے او راس وقت کے مشرقی پاکستان میں خود اپنے عوام پر کی جانے والی زیادتیوں کو بھی بے نقاب کیا۔ 1971 کی جنگ مشرقی پاکستان کے تئیں مغربی پاکستان کی جابرانہ سیاسی اور اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ تھی جس کی وجہ سے ایک کروڑ سے زیادہ پناہ گزینوں نے ہندوستان کارخ کیا تھا۔
ہندوستان کی طرف سے فوجی کارروائی صرف ا±سی وقت کی گئی جب اِس مسئلے کو حل کرنے کےلئے تمام سیاسی اور سفارتی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ 1971 کی جنگ سب سے مختصر مدت کی جنگ کے طور پر بھی یاد رکھی جاتی ہے، جس نے جنوبی ایشیا کے جغرافیائی سیاسی نقشے کو بھی تبدیل کردیا۔ جنگ کے آغاز کے تین دن کے اندر ہی ہندوستانی مسلح افواج نے پاکستانی فضائیہ کو پوری طرح شکست دے دی تھی ۔
