ویلنگٹن : نیوزی لینڈ نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 12 رن سے شکست دے کر2 میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت کر کلین سوئپ کردیا۔ اس شاندار کامیابی میں فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ، جنہوں نے 96 رن کے عوض تین وکٹ اور نیل ویگنرکا ،جنہوں نے 54 رن دے کرتین وکٹ لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ہنری نکولس کو عمدہ بلے بازی کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور کائل جیمسن کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن چھ وکٹوں پر 244 رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن اننگز کی شکست سے بچ نہ سکا اور ان کی اننگز 317 رنز پر ختم ہوگئی۔
کپتان جیسن ہولڈر نے چوتھے دن 60 اور جوشوا ڈا سلوا نے 25 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ لیکن ہولڈر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور ٹم ساؤدی نے ان کو بولڈ کرتے ہوئے ان کی اننگز ختم کردی۔ہولڈر نے 93 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ اس کے بعد ڈا سلوا نے الجاری جوزف کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا لیکن ساؤدی نے جوزف کو بھی آؤٹ کردیا۔ جوزف نے 12 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز میں تین چوکے اور2 چھکے لگائے۔ جوزف کے بعد ڈا سلوا زیادہ دیر تک جدوجہد نہیں کرسکے اور وہگنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
جیسے ہی وہ آو¿ٹ ہوئے ویسٹ انڈیز کی آخری امید بھی ختم ہو گئی اور وہ اننگز سے ہار گئی۔ڈا سلوا نے 84 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں چیمار ہولڈر3 گیندوں کی مدد سے 15 گیندوں میں 13 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ویگنر نے 17.1 اوورز میں 54 رن پر 3 وکٹیں حاصل کیں ، بولٹ نے 21 اوورز میں 96 رن پر 3 وکٹیں لیں ، ساؤدی نے 22 اوورز میں 96 رن پر 2 وکٹیں حاصل کیں اور جیمیسن نے 15 اوورز میں 43 رن پر 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ہملٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اننگز اور 134 رنز سے شکست دیکر ویسٹ ا نڈیز کے خلاف اپنی اب تک کی سب سے بڑی جیت درج کی تھی۔
کیوی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی اپنی شاندار مظاہرہ کو جاری رکھا اور دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز سے شکست دے دی۔ٹیسٹ سیریز سے قبل نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہوگیا۔اس طرح نیوزی لینڈ کے دورے میں ویسٹ انڈیز تہی دست رہااور ایک بھی جیت حاصل نہیں ہوئی۔ نیوزی لینڈ کو اب 18 دسمبر سے پاکستان کے خلاف 3ٹی ٹوئنٹی اور 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔
ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کرنے کے بعد کیوی ٹیم کے حوصلے بڑھ گئے ہیں اور وہ پاکستان کے خلاف بھی کامیاب کے اسی سلسلے کو جاری رکھنا چاہے گا۔نیوزی لینڈ کو اس جیت سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں مجموعی طور سے 120 پوائنٹس ملے۔ اور اب وہ انگلینڈ کو معمولی فرق سے پیچھے چھوڑ کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔ اور اس کی چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بھی بڑھ گئیں ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل میں آسٹریلیا 296 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، ہندوستان 360 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، نیوزی لینڈ 300 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ 292 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حال ہی میں پوائنٹس ٹیبل میں ترمیم کی اور فیصد قاعدہ کے مطابق ٹیبل جاری کی تھی۔ اس کے مطابق آسٹریلیا 0.822 فیصد ، ہندوستان 0.750 فیصد ، نیوزی لینڈ 0.625 اور انگلینڈ کے 0.608 فیصد ہیں۔
