تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کورونا وائرس (کووڈ-19) کی ویکسین لگوانے والے اسرائیل کے پہلے شہری بن گئے ہیں۔ نیتن یاھو نے ہفتہ کو براہ راست ٹیلی ویژن نشریات کے دوران ادویہ تیار کرنے والے فائزر۔بائیوٹیک کی کورونا ویکسین لگوائی۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا”یہ اسرائیل کے لئے بہت بڑا دن ہے۔ ہم گذشتہ ایک سال سے اس شدید وبا کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ اس ماہ کے آخر تک ملک میں کروونا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں دستیاب ہوں گی۔ لوگوں کو ویکسینیشن سے آگاہ کرنے کے لئے، میں نے اور وزیر صحت یولی ایڈلسٹن نے کورونا ویکسین لی۔
کورونا ویکسی نیشن کے بعد وزیر اعظم کی صحت کی جانچ کی گئی۔ نیتن یاہو اور وزیر صحت کے بعد شیبہ میڈیکل سنٹر کے 50 ملازمین کو بھی کورونا کے ٹیکے لگائے گئے۔ عام شہریوں کیلئے اتوار سے اسرائیل میں کورونا ویکسینیشن کی مہم شروع ہوگی۔60 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
اتوار کو اسرائیلی صدر روون ریولن کو بھی کورونا ویکسین کی خوراک پلائی جائے گی۔ اس کے بعد کورونا کی ویکسین دوسرے لوگوں کو بھی دی جائے گی۔
