ابوظہبی:(اے یوایس) دبئی میں جاری “ورلڈ فیشن وِیک” میں ہندوستان کی 9 سالہ ویدھی کاروا نے اپنے ڈیزائن کردہ ملبوسات پیش کیے۔ ویدھی کو “دنیا کی کم عمر ترین فیشن ڈیزائنر” کا خطاب دیا گیا ہے۔
ویدھی بھارت کے شہر پونا میں رہتی ہے تاہم اس نے اپنے ڈیزائن کردہ ملبوسات کو پہلی مرتبہ عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے دبئی کا انتخاب کیا۔ شو کے اختتام سے قبل ویدھی نے عوام کے اندر گرم جوشی پیدا کر دی۔ اس نے خود بھی اپنا ڈیزائن کیا ہوا لباس پہن رکھا تھا ۔ اس موقع پر اسے دنیا کی سب سے کم عمر فیشن ڈیزائنر کے طور پر متعارف کرایا گیا۔
ویدھی کے مطابق ڈیزائنوں کے خیالات اس کے اپنے ہوتے ہیں تاہم ویدھی کی والدہ اس کو عملی جامہ پہنانے میں مدد کرتی ہیں۔ ویدھی نے اپنے کپڑوں پر’ویدھی کارا ملبوسات‘کا ٹیگ لگایا ہوا ہے۔ دبئی میں شو کے دوران مثبت ردود عمل حاصل کرنے پر ویدھی نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس پذیرائی کے سبب اب ویدھی نے اپنے دوسرے شو کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔
ویدھی کا خواب ہے کہ اس کے ملبوسات کا آئندہ شو لندن یا میلان میں ہو۔ہندستان کی 9 سالہ ڈیزائنر کی آرزو ہے کہ ایک روز پرینکا چوپڑا اس کے ڈیزائن کیے ہوئے لباس پہنے۔ ویدھی کہتی ہے کہ وہ یوٹیوب کی وڈیوز کے ذریعے فیشن ڈیزائننگ سیکھتی ہے۔
