Aden airport blast | Death toll rises to 22; 50 wounded

صنعا: (اے یو ایس) یمن کے جنوبی شہر عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بدھ کے روز ہوئے بم دھماکے میں 22 افراد ہلاک اور50دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ یمن کی نئی کابینہ کے اراکین کو لے کر آرہے طیارے کے لینڈ کرنے کے تھوڑی ہی دیربعد ہو ا ۔

عدن سے العربیہ کے نمایندے نے بتایا ہے کہ ہوائی اڈے پر ایک مارٹر گولا گرا ہے جس سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔رپورٹر نے ابتدائی اطلاعات کے حوالے سے کہا ہے کہ اس حملے میں یمنی کابینہ کا کوئی وزیر زخمی نہیں ہوا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے نمایندے نے جائے وقوعہ سے بتایا ہے کہ یمن کی قومی اتحاد کی نئی کابینہ کا طیارہ ہوائی اڈے پر اترنے کے فوری بعد دھماکے ہوئے تھے۔انھوں نے مزید بتایا کہ جب کابینہ کے ارکان طیارے سے اتر رہے تھے تو اس وقت دو دھماکے ہوئے ۔

فوٹیج میں دھماکہ ہوتے ہی طیارے سے اتر رہے حکومتی وفد کے اراکین کو واپس طیارے میں یا سیڑھیوں کی جانب بھاگتے دیکھا گیا۔

یمن کے وزیراطلاعات معمرالاریانی نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں پر اس حملے میں ملوث ہونے کا الزام عاید کیا ہے۔

تاہم ابھی تک کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری اپنے سر نہیں لی ہے۔بعد ازاں حکام نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر دھماکے کے بعد کابینہ کے اراکین کو جس مقام پر ٹہرایا گیا تھا اس کے قریب بھی ایک دھماکہ ہوا ۔