'Bodies of slain youth be handed over to families for last rites

سری نگر: جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے لاوے پورہ تصادم میں عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہلوکین کی نعشوں کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے لواحقین کے حوالے کیا جانا چاہئے۔

پارٹی کے ایک سینئر لیڈر اور سابق وزیر محمد دلاور میر نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا: ‘ہم سری نگر تصادم میں عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اس پورے واقعے کی حقیقت لوگوں کے سامنے عیاں ہوسکے‘۔

انہوں نے کہا کہ مہلوکین کے اہلخانہ کے دعوؤں سے اس تصادم کی حقیقت پر ایک سوالیہ نشان کھڑا ہوا ہے۔ موصوف نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لفٹیننٹ گورنر کو چاہئے کہ وہ ہلاک شدگان کے اہلخانہ کے دعوؤں کو زیر نظر رکھتے ہوئے اس پورے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں۔

ان کا کہنا تھا: ‘مہلوکین کے اہلخانہ کے دعوؤں اور فوج و پولیس کے بیانات میں اختلاف پایا جا رہا ہے لہذا حکومت کو چاہئے کہ وہ ایک ٹیم تشکیل دے کر اس کی عدالتی تحقیقات کرائیں اور اس دوران مہلوکین کی نعشوں کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے لواحقین کے حوالے کیا جانا چاہئے‘۔

واضح ہو کہ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعے کے روز لیفٹیننٹ گورنر کے نام ایک مکتوب میں لاوے پورہ تصادم کے مہلوکین کی نعشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے مکتوب میں کہا: ‘ایک غمزدہ ماں اپنے لخت جگر کے چہرے کو آخری بار دیکھنے کا حق حاصل ہے‘۔